پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان مقابلہ ، 3 ڈاکو ہلاک

ہفتہ 19 جولائی 2025 17:41

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) لاڑکانہ پولیس کے اہلکار کی شہادت میں ملوث 3 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ ہفتہ کو ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب اور ایس ایس پی احمد فیصل چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار منیر سومروکو جمعے کی شام وارث ڈنو ماچھی کے علاقے میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں شہید کیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد لاڑکانہ پولیس کی بھاری نفری نے جیکب آباد لاڑکانہ کے سرحدی علاقے پنوں بھٹی اور وسایو بھٹو میں آپریشن کیا ۔ ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے میڈیا کو بتایا کہ آپریشن کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں 3 ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ہلاک ڈاکووں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار رانا سجاد شدید زخمی ہوگیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی احمد فیصل چوہدری نے کہا کہ آپریشن میں لاڑکانہ ضلع کی بھاری نفری نے حصہ لیا، ہلاک ڈاکو دستی گینگ سے تعلق رکھتے ہیں، ڈاکوئوں کی شناخت کا عمل جاری ہے اورعلاقے میں پولیس کی بھاری نفری تاحال موجود ہے اور مزید کارروائی بھی عمل میں لائی جارہی ہے۔