ٹی ڈی اے پی فیصل آباد آفس برآمدات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،شاہدہ آفتاب

ہفتہ 19 جولائی 2025 19:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) فیصل آباد وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر شاہدہ آفتاب اور بانی صدر روبینہ امجد نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) فیصل آباد آفس کی جانب سے برآمدات پر مبنی تربیتی سیشنز کے انعقاد کو سراہا ہے جو فیصل آباد وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے منعقد کئے جا رہے ہیں۔

سیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر فیصل آباد وویمن چیمبر شاہدہ آفتاب نے چیمبر کا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ فیصل آباد کی کاروباری خواتین کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان فیصل آباد آفس فیصل آباد کی برآمدات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

بانی صدر روبینہ امجد نے فیصل آباد وویمن چیمبرکے مختلف پراجیکٹس پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ادارے نے پہلا وومن بزنس انکوبیشن سنٹر، وومن ریسورس سنٹر اور پاکستان وومن ایکسپورٹ فیسلیٹیشن اینڈ ڈسپلے سنٹر قائم کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی مصنوعات کو روایتی اور غیر روایتی بین الاقوامی منڈیوں میں برآمد کرنے کی بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو سی سی آئی، ٹی ڈی اے پی کے ساتھ مل کر بھرپور کوشش کر رہا ہے کہ خواتین کاروباری شخصیات برآمدات کے میدان میں قدم رکھیں۔ڈائریکٹر ٹی ڈی اے پی ناہید اختر نے سیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے پر زور دیا اور ان کی مصنوعات کو بین الاقوامی منڈیوں میں برآمد کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ کئی ایسی مصنوعات ہیں جنہیں بیرونِ ملک برآمد کر کے بہتر قیمتیں اور قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ برآمدات سے متعلق تربیتی سیشنز کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔حافظ کامران احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹی ڈیپ نے سلائیڈز کی مدد سے ٹی ڈی اے پی کے کردار اور غیر روایتی مصنوعات کی برآمدات کی صلاحیت کو اُجاگر کرتے ہوئے پاکستان کی عالمی تجارت میں بہتری کے امکانات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔تقریب کے آخر میں نائب صدر میمونہ عمران نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹرٹی ڈی اے پی راؤ فضل الرحمن، چیئرپرسن ٹریڈ اینڈ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ صوبیہ عقیل، نورین شاہد اور دیگر معزز شرکاء بھی اس موقع پر موجود تھے۔