کراچی کی سڑکوں پر ایک اور سرکاری جعلسازی کی قلعی کھل گئی

ایف بی آر ریجنل ٹیکس آفس ون کراچی سے منسلک ایک اعلی افسر کی گاڑی، جو نہ صرف سرکاری نمبر پلیٹ کی حامل نکلی بلکہ جعلی بھی ثابت ہوئی، سائوتھ زون پولیس کے ہاتھ لگ گئی

ہفتہ 19 جولائی 2025 20:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)کراچی کی سڑکوں پر ایک اور سرکاری جعلسازی کی قلعی کھل گئی،ایف بی آر ریجنل ٹیکس آفس ون کراچی سے منسلک ایک اعلی افسر کی گاڑی، جو نہ صرف سرکاری نمبر پلیٹ کی حامل نکلی بلکہ جعلی بھی ثابت ہوئی، سائوتھ زون پولیس کے ہاتھ لگ گئی۔ مگر چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ کارروائی کے بعد سب سے پہلے "غائب ہونے والا کوئی اور نہیں، بلکہ وہی افسر تھا جس کی گاڑی تھی، اور جو سارا دن دفتر میں سرکاری کاموں میں مصروف پایا جاتا ہے۔

گاڑی نمبر GS-0219 نمبر پلیٹ سرکاری تھی مگر جعلی نکلی ہے۔آرام باغ تھانے کی پولیس اور سیف سٹی پروجیکٹ کے اسٹاف نے مشترکہ کارروائی کے دوران سوزوکی اے وی پی گاڑی کو پکڑا تو اندازہ ہوا کہ نمبر پلیٹ تو سرکاری ہے، مگر اصلی نہیں ہے، ذرائع کے مطابق گاڑی ایف بی آر کے ایک افسر کے زیر استعمال تھی اور جیسے ہی کارروائی کی خبر دفتر پہنچی، مذکورہ افسر ہوا میں تحلیل ہو گیا، گویا کراچی کی نمی نے اسے جذب کر لیا ہو۔

(جاری ہے)

گاڑی کا ڈرائیور رفیق ولد ایوب پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ ذرائع یہ بھی دعوی کر رہے ہیں کہ افسر نے خود ہدایت دی کہ رفیق ہی جرم "مان لے، باقی سب ہم دیکھ لیں گے۔ نتیجہ یہ رہا کہ رفیق گرفتار، گاڑی ضبط، اور اصل کردار نظروں سے اوجھل ہوگئے۔سرکاری گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ کیوں ۔ایف بی آر کے افسر نے خود کو کیوں چھپایا ۔ڈرائیور کو اعتراف جرم پر مجبور کرنا کہاں کا انصاف ہی ۔کیا ایف بی آر کے افسران قانون سے بالاتر ہو چکے ہیں