ایشین والی بال چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم نے گولڈ میڈل جیت لیا

ہفتہ 19 جولائی 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) پاکستانی ٹیم نے دوسری ایشین مینز انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ 2025 میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی۔پاکستان نے تھائی لینڈ کے شہر ناخون فانم میں ہونے والے فائنل میں ایران کو 3-2 (22-25، 21-25، 30-28، 25-21، 15-10) سے شکست دی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ 0-2 سے ڈاؤن کے بعد پاکستانی ٹیم نے بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ جیتنے کے لیے غیر معمولی واپسی کی اور ایشیا کی چیمپئن بن کر ابھری۔

میچ میں جنید، فیضان، طلحہ اور عرفان سمیت ٹاپ پرفارمرز کی جانب سے ناقابل یقین شراکت دیکھنے کو ملی۔ان کے مشترکہ جذبے اور شاندار کارکردگی نے پاکستان کو ایران کے خلاف تاریخی فتح دلائی۔اس فتح کے ساتھ پاکستان ایشیا میں سرفہرست ہے ۔یہ پاکستان والی بال کی تاریخ میں ایک بے مثال کامیابی ہے۔ٹیم نے نہ صرف پہلی پوزیشن حاصل کی بلکہ FIVB انڈر 17 ورلڈ چیمپئن شپ 2026 کے لیے بھی کوالیفائی کیا ہے۔