وزیر اعلیٰ بلوچستان نےجوڑے کے قتل کی وڈیو وائرل ہونے پر واقعہ کا نوٹس لے لیا، حکومت اس ظلم پر خاموش تماشائی نہیں بنے گی ، ترجمان صوبائی حکومت

اتوار 20 جولائی 2025 10:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر مرد و خاتون کے بہیمانہ قتل کی وڈیو وائرل ہونے پر واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اس کی تحقیقات اوراس میں ملوث تمام ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے فوری طور پر واقعہ کی جامع تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ جائے وقوعہ کا تعین کرکے اس واقعہ میں ملوث تمام افراد کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔

ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ ایسی سفاکانہ حرکات نہ صرف ناقابل برداشت ہیں بلکہ یہ معاشرتی اقدار اور انسانی وقار کی سنگین توہین بھی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی عملداری کو چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ وڈیو میں دکھائی گئی بربریت ہر سطح پر قابل مذمت ہے اور حکومت بلوچستان اس ظلم پر خاموش تماشائی نہیں بنے گی ۔

واقعہ میں ملوث عناصر کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لئے تمام قانونی ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے ۔ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ وڈیو میں موجود ملزمان کی شناخت میں مدد کریں اور واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لئے اپنا ذمہ دارانہ معاشرتی کردار ادا کریں۔\932