پولیس کی بروقت جوابی کارروائی، بنوں میں تھانہ بکا خیل پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا

دہشتگردوں کی تعداد 13 سے 15 کے درمیان تھی جو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر تھانے پر حملہ آور ہوئے؛ پولیس حکام

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جولائی 2025 11:10

پولیس کی بروقت جوابی کارروائی، بنوں میں تھانہ بکا خیل پر دہشتگردوں ..
بنوں ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی 2025ء ) خیبرپختونخواہ پولیس کی بروقت جوابی کارروائی نے بنوں میں تھانہ بکا خیل پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع بنوں میں تھانہ بکا خیل پر دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا، دہشت گردوں کا یہ حملہ اچانک اور منصوبہ بند تھا تاہم تھانے میں موجود پولیس اہلکاروں نے دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا، دہشت گرد بھاری ہتھیاروں سے لیس تھے لیکن اہلکاروں کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی نے کسی بڑے سانحے کو ٹال دیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں کی تعداد 13 سے 15 کے درمیان تھی جو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر تھانے پر حملہ آور ہوئے تاہم حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام اہلکار بحفاظت محفوظ رہے کیوں کہ پولیس کی جانب سے فوری جوابی فائرنگ کے باعث دہشتگرد پسپا ہو کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے، علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور ممکنہ ٹھکانوں کی چھان بین کی جا رہی ہے، سکیورٹی اداروں نے تھانے اور اطراف کے علاقوں کی نگرانی مزید سخت کردی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے تھانہ بکا خیل پر فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خیبر پختونخواہ پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ، وزارت داخلہ سے جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے جوانمردی سے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا مقابلہ کر کےان کا حملہ پسپا کیا ، پولیس نے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا اور مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا، خیبر پختونخواہ پولیس کے بہادر سپوتوں نے پہلے بھی فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملوں کو پسپا کیا ہے، ہمیں خیبر پختونخواہ پولیس کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔