حلف نہ لیا گیا تو ممبران عدالت جائیں گے‘ گورنر خیبرپختونخوا

سینیٹ کے الیکشن تو ہوں گے پیر کو نہیں تو منگل کو تو ہو جائیں گے، فیصل کریم کنڈی کی بات چیت

اتوار 20 جولائی 2025 11:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مجھے خدشہ ہے کہ مخصوص نشستوں پر حلف نہیں لیا جائے گا، حلف نہ لیا گیا تو ممبران پھر عدالت جائیں گے۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ جو ماحول بنا ہے اس میں مخصوص نشستوں پر حلف مشکل نظر آرہا ہے، مجھے خدشہ ہے کہ کورم کی نشاندہی کرکے اجلاس ملتوی کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ اگر مخصوص نشستوں پر ممبران سے حلف نہیں لیا گیا تو ہمارے پاس اور آپشنز بھی موجود ہیں، پی ٹی آئی کے اندر کچھ سینیٹ امیدواران سراپا احتجاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت لاہور گئی اور وہاں ایک امیدوار کے لیے لابنگ کی، جو امیدوار ناراض ہے وہ سب مرزا آفریدی کی وجہ سے ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن تو ہوں گے پیر کو نہیں تو منگل کو تو ہو جائیں گے، حلف نہ لیا گیا تو ممبران پھر عدالت جائیں گے۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ممبران عدالت گئے تو عدالت شاید پھر مجھے یا سپیکر کو حلف لینے کی ہدایت دے۔