روس کے انتہائی مشرقی جزیرہ نما کامچٹکا میں شدید زلزلے ، سونامی وارننگ جاری

اتوار 20 جولائی 2025 15:30

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) روس کے انتہائی مشرق میں بحرالکاہل اور بحیرہ اوخوتسک کےد رمیان واقع جزیرہ نما کامچٹکا میں پے در پے پانچ زلزلوں کے بعد سونامی وارننگ جاری کر دی گئی۔ روسی خبر رساں ادارے تاس نے اکیڈمی آف سائنسز کی جیو فزیکل سروس کی کامچٹکا برانچ کے ٹیلیگرام چینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ اب تک اس خطے میں لگاتار پانچ زلزلے آچکے ہیں جن میں سے تازہ ترین زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.4 ریکا رڈ کی گئی ۔

اس زلزلے کا مرکز پیٹرو پاولوسک کامچٹسکا سے 166 کلومیٹر دور تھا ۔روسی اکیڈمی آف سائنسز کی جیو فزیکل سروس کی کامچٹکا برانچ کے ٹیلیگرام چینل نے کہا ہے کہ یہ اس خطے میں لگاتار پانچواں زلزلہ ہے۔اس سے قبل شہر میں سونامی کی وارننگ کا اعلان کیا گیا تھا اور مقامی جھیل میں پانی نمایاں طور پر بڑھ رہا تھا۔

(جاری ہے)

روسی ایمرجنسیز منسٹری کے ہیڈ ڈائریکٹوریٹ برائے خطے کی پریس سروس نے بتایا کہ ماہرین جلد ہی عمارتوں کا معائنہ شروع کر دیں گے۔اس سے قبل اسی علاقے میں چار زلزلے آئے جن کی شدت 5.3، 6.5، 7.6 اور 6.8 تھی۔حکام کے مطابق پہلے تین زلزلے 30منٹ کے اندر آئے ۔علاقے میں سونامی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ کامچٹکا روس کا جزیرہ نما علاقہ ہے جس کا رقبہ دو لاکھ 70 ہزار کلومیٹر ہے۔

متعلقہ عنوان :