ترکی،10لاکھ ڈالر کی لگژری یاٹ لانچ کے چند منٹ بعد ڈوب گئی

حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں،ترجمان جہاز سازکمپنی

جمعہ 5 ستمبر 2025 16:35

ترکی،10لاکھ ڈالر کی لگژری یاٹ لانچ کے چند منٹ بعد ڈوب گئی
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)ترکی کے شہر زونگولڈک کے ساحلی علاقے اریگلی میں ایک نئی لگژری یاٹ سمندر میں لانچ ہونے کے صرف 15 منٹ بعد ہی ڈوب گئی۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں عملے کو کشتی ڈوبنے پر گھبراہٹ میں سمندر میں چھلانگ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ 85 فٹ لمبا کروز یاٹ ڈولسے وینٹو جس کی مالیت تقریبا 10 لاکھ ڈالر بتائی گئی ہے، بلیک سی میں اتارا گیا تھا، تاہم پانی میں داخل ہونے کے کچھ ہی دیر بعد یاٹ کا توازن بگڑ گیا اور وہ ایک جانب جھکنے لگا۔

(جاری ہے)

ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یاٹ کے ڈیک پر کھڑے افراد بھاگتے ہوئے نظر آئے اور پھر کشتی کے مزید ڈوبنے پر سب نے سمندر میں چھلانگ لگا دی، ایک کلپ میں ایک شخص کشتی کے کنارے سے پانی میں کودتے ہوئے بھی دکھائی دیتا ہے۔ترک کوسٹ گارڈ اور بندرگاہ کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے یاٹ ڈوبنے کے مقام پر سیکیورٹی حصار قائم کیا اور ڈوبتے یاٹ کو قابو میں لینے کی کوشش کی۔جہاز ساز کمپنی کے ترجمان میڈ یلماز نے کہا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ان کے مطابق ماہرین تکنیکی معائنہ کریں گے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ یاٹ کے ڈوبنے کی وجہ تعمیراتی خرابی، توازن کا مسئلہ ہے یا اس میں انسانی غلطی شامل ہے۔