صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا انتظامی حکم نامے سے محکمہ دفاع کا نام کو تبدیل کر کے محکمہ جنگ کرنے کا فیصلہ

اقدام کا مقصد طاقت اورعزم کو ظاہر کرنا ہے‘ایگزیکٹیو آڈرکے بعد معاملہ منظوری کے لیے کانگریس کو بھجوایا جائے گا. رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 5 ستمبر 2025 16:24

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا انتظامی حکم نامے سے محکمہ دفاع کا نام کو تبدیل کر ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 ستمبر ۔2025 )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامی حکم نامے پر دستخط کریں گے جس کے تحت محکمہ دفاع”پینٹاگون“ کا نام کو تبدیل کر کے ”محکمہ جنگ“ کردیا جائے گا اس اقدام سے 1940 کی دہائی میں ادارے کا رکھا جانے والا نام بحال ہوجائے گا . امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کے حکم نامے کے متن کے مطابق اس اقدام کا مقصد طاقت اور عزم کو ظاہر کرنا ہے ایگزیکٹو محکموں کی تشکیل کی ذمہ داری امریکی کانگریس پر عائد ہوتی ہے جس کا مطلب ہے کہ محکمہ کا نام قانونی طور پر تبدیل کرنے کے لئے ان کی شمولیت ضروری ہے.

(جاری ہے)

وائٹ ہاﺅس نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ مستقل طور پر نام کی تبدیلی کے اس عمل پر کتنا خرچ آئے گا لیکن امریکی ذرائع ابلاغ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر سینکڑوں ایجنسیوں، علامتوں، ای میل ایڈریسز اور یونیفارمز کی کی تبدیلی کے اس عمل پر اربوں ڈالر خرچ ہوں گے بیان میں کہا گیا ہے کہ ”محکمہ جنگ“ کا نیا نام ”محکمہ دفاع“ کے مقابلے میں ایک مضبوط پیغام دیتا ہے.

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر کے ایگزیکٹیو آڈرکے بعدکانگریس سے جلد منظوری کے لیے معاملہ ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں جلد پیش کیے جانے کا امکان ہے ‘صدر ٹرمپ اگلے سال وسط مدتی انتخابات سے قبل ایسے تمام امورکو نمٹانا چاہتے ہیں جن میں کانگریس کی منظوری کی ضرورت ہے کیونکہ اس وقت کانگریس میں ریپبلکن پارٹی کو اکثریت حاصل ہے اور اب تک سامنے آنے والے عوامی جائزوں کے مطابق وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنزکے لیے کانگریس میں برتری کو برقراررکھنا ممکن نہیں رہے گا.