Live Updates

کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش، نشیبی علاقے زیرآب

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

اتوار 20 جولائی 2025 18:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔سندھ کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، حیدرآباد، نواب شاہ، میہڑاور گردونواح کے علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد موسم خوشگوارہوگیا۔ بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

نوری آباد اور گردونواح میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔میہڑمیں بارش کے باعث حبس اورگرمی کی شدت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی تاہم بارش کے ساتھ ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ کوٹری میں بارش ہوتے ہی متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ٹنڈوالہ یار میں تیزہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ نوابشاہ، نوشہرو فیروز اور روہڑی اور خیرپورناتھن شاہ میں بھی گرج چمک کیساتھ تیز بارش ہوئی۔

(جاری ہے)

حیدرآباد اورنواب شاہ میں بھی بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئی ہے جبکہ شہریوں نے موسم کی تبدیلی پر سکھ کا سانس لیا ہے۔ادھرکئی علاقوں میں بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں، واپڈا حکام کے مطابق بجلی کی بحالی پرکام جاری ہے۔کراچی میں بھی رات گئے بادل برس پڑے، گڈاپ ٹائون، ماڈل کالونی، ملیر، شاہ فیصل کالونی اور ائیرپورٹ کے اطراف تیزبارش ہوئی۔ شارع فیصل، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، اولڈ سٹی ایریا، یونیورسٹی روڈ اورگلشن اقبال بھی رم جھم ہوئی۔بارش کے باعث شہرقائد کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔ شہرمیں اس وقت بھی کالے بادلوں کا راج ہے ۔۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات