’’پڑھوگے تو بڑھو گے‘‘:وزیراعلیٰ مریم نواز کا سکول آن ویل،موبائل لائبریری آن ویل وموبائل لائبریری شروع کرنیکا فیصلہ

اتوار 20 جولائی 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’’پڑھوگے تو بڑھو گے‘‘ کے ویژن کے تحت فروغ تعلیم کیلئے شاندار اورمنفرد منصوبہ شروع کیا ہے۔ ترجمان ایوان وزیر اعلیٰ کے مطابق پنجاب میں سکول آن ویل،موبائل لائبریری آن ویل اورموبائل لائبریری شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے سکول آن ویل کی اصولی منظوری دے دی،سکول آن ویل دوردراز اوردشوار گزار علاقوں میں بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں گے،سکول آن ویل الیکٹرک رکشے میں بنایا جائے گا،رکشے کی چھت پر سولر پینل لگائے جائیں گے،سکول آن ویل میں موجود ٹیچرکسی گلی محلے یا بستی میں چھتری نما سائبان کے نیچے فولڈنگ کرسیاں لگائیں گے،سکول آن ویل میں پڑھنے والے بچوں کو کتابیں بھی مہیا کی جائیں گی اور ننھے بچوں کی دلچسپی کیلئے پینٹنگ کا سامان بھی موجود ہوگا جبکہ چھوٹے بچوں کی دلچسپی کیلئے مختلف ایجوکیشنل ٹوائزبھی رکھے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بچوں کیلئے لائبریری آن ویل پراجیکٹ بھی شر وع کرے گا جومختلف علاقوں میں جا کر بچوں کو کتابیں پڑھنے کے مواقع فراہم کرے گی،لائبریری آن ویل کے ذریعے بچوں کو نصاب کے علاوہ دیگر کتابیں بھی مہیا کی جائیں گی جوکارٹون سے مزین منی وین میں قائم کی جائیں گی،لائبریری آن ویل کو کسی بھی میدان،گرائونڈ یا کھلی جگہ پر سٹیشن کیا جاسکے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز کے ’’پڑھو گے تو بڑھوگے ‘‘کے ویژن کے مطابق موبائل لائبریری پراجیکٹ بھی شروع کیا جائے گا،جدید ترین بس کے اندرقائم موبائل لائبریری میں بچوں کے بیٹھنے کیلئے چیئراورٹیبل بھی میسر ہوں گی،موبائل لائبریری میں اردو، انگلش اور سائنس کی بکس کے علاوہ میگزین بھی رکھے جائیں گے۔