اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام :صوبہ بھر میں اب تک 52 ہزار لوگوں کو 60ارب روپے کے قرضہ جات تقسیم کیے جاچکے ، وزیر ہاؤسنگ

اتوار 20 جولائی 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے بینک آف پنجاب اور محکمہ ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی میں معاہدہ طے پاگیا ہے۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین اور صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کی مفاہمتی یادداشت پر ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان اور بینک آف پنجاب کے عمر خان نے دستاویزات پر دستخط کیے۔

اس موقع وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا کہنا تھا کہ مالی سال 2025سے 26تک تمام گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسود قرضوں کی فنانسنگ بینک آف پنجاب ہی کرے گا، سالانہ اہداف کی بروقت تکمیل کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایم ایف آئیز کی تجاویز بھی منظور کر لی ہیں، صوبہ بھر میں اب تک 52 ہزار لوگوں کو 60ارب روپے کے قرضہ جات تقسیم کیے جاچکے ہیں،اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کے تحت 90کروڑ روپے، ماہانہ اقساط کی مد میں جمع ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

بلال یاسین نے مزید کہا کہ 10ارب سے زائد رقم درخواست گزاروں میں اگلے ماہ تک تقسیم کی جائے گی۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ ایک سال میں ایک لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر مکمل کرنے کا ٹاسک ملا ہے، کامیابی سے پورا کریں گے،قرض کی فراہمی اور درخواست جمع کروانے کا طریقہ آسان فہم رکھا گیا ہے، شہری ٹال فری نمبر 080009100پر کال ملا کر رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ تقریب میں سی ای او اخوت ڈاکٹر کامران،آر سی ڈی پی مرتضی کھوکھر اور ریجنل منیجر این آر سی پی جواد رحمانی بھی شریک تھے۔