ؔگوجرہ: پٹرولنگ پولیس کی ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی، عوامی حلقوں میں سراہا جانے لگا

اتوار 20 جولائی 2025 20:25

ؔگوجرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2025ء) پٹرولنگ پولیس سینسرہ کے انچارج سب انسپکٹر عمران یونس اپنی ٹیم کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز، ڈی آئی جی پٹرولنگ اطہر وحید اور ایس ایس پی پٹرولنگ مرزا انجم کمال کی ہدایات کی روشنی میں ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر رہے ہیں۔

اس خصوصی مہم کے دوران موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہننے کی تلقین کی جا رہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف چالان سمیت دیگر قانونی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انچارج پٹرولنگ پولیس عمران یونس کے مطابق مہم کا مقصد سڑکوں پر شہریوں کی جانوں کو محفوظ بنانا اور ٹریفک کے ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے اس اقدام کو خوب سراہا جا رہا ہے اور شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ایسی مؤثر مہمات کے ذریعے نہ صرف حادثات میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں میں قانون کی پاسداری کا شعور بھی پیدا ہوگا۔

پٹرولنگ پولیس کی اس سنجیدہ کوشش کو عوامی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اور شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کی مہم کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے تاکہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔