الخدمت فاؤنڈیشن طالبات کے اندر مثبت تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے شاندار پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے،ڈاکٹر حمیرا طارق

اتوار 20 جولائی 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان طالبات کے اندر مثبت تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے شاندار پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے۔ اچھی تربیت یافتہ نوجوان نسل بہترین تمدن کی بنیاد ہے، نسلیں صرف سوچ سے نہیں بلکہ اعلیٰ کردار اور عمدہ تربیت سے پروان چڑھتی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فلیگ شپ گریجویٹس ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ عورت ایک مضبوط خاندان کی جڑ ہے اور مستحکم خاندان ہی عورت کو تحفظ اور آسائشیں فراہم کرنے کا ذریعہ بنتا ہے ۔ اس انٹرنشپ پروگرام کے ذریعے قوم کی بیٹیوں میں اعلیٰ تعلیمی و تخلیقی مہارتیں پیدا کرنے میں مصروف عمل ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح جماعت اسلامی 20سے زائد جامعات المحصنات اور درجنوں ذیلی جامعات کے ذریعے قرآن و سنت کی تعلیم عصری علوم کے ہمراہ اعلیٰ کمپیوٹر کی مہارتوں کے ساتھ ہزاروں طالبات کی بہترین فکری و علمی تربیت میں مصروف ہے ۔طالبات کو پیشہ ورانہ مہارتوں سے مزین کرنے کیلئے جماعت اسلامی کے سینکڑوں ٹریننگ سنٹر کام کر رہے ہیں جبکہ ملک کے کونے کونے میں فہم القرآن انسٹیٹیوٹس طالبات کو بہترین ترجمہ و تفسیر کی تعلیم سے مزین کرنے میں مصروف عمل ہیں۔

ڈپٹی سیکرٹری اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے کہا کہ عورت کی شعوری بیداری مہذب معاشرے کی ابتدا ہے ۔آج کی نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے۔ با اخلاق و با اختیار لیڈر شپ کی تربیت نوجوان نسل کے لیے لازم بھی ہے اور کل کے مضبوط معاشرے کی بنیاد بھی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان متوازن لیڈر شپ کی تیاری میں بہترین کردار ادا کر رہی ہے۔ تقریب میں گریجویٹ طالبات میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے ۔