وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ، اسٹیشن کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ

اتوار 20 جولائی 2025 20:40

راولپنڈی / اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اتوار کو راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر ریلوے نے اسٹیشن کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا، جن میں واش رومز، پلیٹ فارمز، استقبالیہ، دفاتر اور سٹالز شامل تھے جبکہ ریلوے ٹریک کا بھی بغور جائزہ لیا گیا۔

وزارت ریلوے کے مطابق اپنے دورے کے دوران وفاقی وزیر نے صفائی کے انتظامات، واش رومز کی حالت اور مسافروں خصوصاً خواتین کے لیے دستیاب سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔محمد حنیف عباسی نے متعلقہ ریلوے حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کے لیے صاف ستھرا، آرام دہ اور باعزت ماحول فراہم کرنا ان کی اولین ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ ریل عوام کی سواری ہے اور اسے خدمت کی اعلیٰ مثال بنانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔

وفاقی وزیر نے ریلوے افسران کو بہتری کے لیے فوری ڈیڈ لائن دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر حالات میں فوری بہتری نہ لائی گئی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے ساتھ انہوں نے اسٹیشن پر جدید اور الیکٹرانک انفارمیشن بورڈز کی تنصیب کی بھی ہدایات جاری کیں تاکہ مسافروں کو بروقت اور مؤثر معلومات میسر آ سکیں۔وزیر ریلوے نے اس موقع پر یہ بھی حکم جاری کیا کہ کسی بھی ریلوے افسر یا ملازم کو کوئی خصوصی پروٹوکول نہ دیا جائے، تمام سہولیات یکساں طور پر عوام اور مسافروں کے لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور مسافر ہماری اولین ترجیح ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی تفریق ناقابلِ برداشت ہو گی۔محمد حنیف عباسی نے بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف بھی سخت انتباہ جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص بغیر ٹکٹ کے سفر کرتا پایا گیا یا کوئی ریلوے اہلکار یا دوسرا فرد اس کی مدد کرتا پایا گیا تو دونوں کو گرفتار کر کے جیل بھیجا جائے گا۔

قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔دورے کے دوران وزیر ریلوے نے مسافروں سے ملاقات بھی کی اور ان سے ریل کے سفر، ٹکٹنگ، بوگیوں کی حالت اور عملے کے رویے سے متعلق آراء حاصل کیں۔ انہوں نے ایک سٹال سے کھانا بھی خریدا اور اس کے معیار اور قیمت سے متعلق تفصیلات دریافت کیں تاکہ مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔واضح رہے کہ محمد حنیف عباسی نے وفاقی وزیر ریلوے کا منصب سنبھالنے کے بعد سے مختلف ریلوے اسٹیشنز کے مسلسل دورے شروع کر رکھے ہیں تاکہ ریلوے نظام کو جدید، شفاف اور عوام دوست بنایا جا سکے اور مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :