من پسند و ذاتی مفادات کو روایات اور مذہب سے نہیں جوڑا جا سکتا،مسلم لیگ(ن) بلوچستان

خاتون کو کسی بھی نام پر قتل کرنا خلاف انسانیت عمل ہے، جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ

اتوار 20 جولائی 2025 21:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے سوشل میڈیا پر خاتون و مرد کے قتل کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ من پسند و ذاتی مفادات کو روایات اور مذہب سے نہیں جوڑا جا سکتا، خاتون کو کسی بھی نام پر قتل کرنا خلاف انسانیت عمل ہے، ویڈیو میں خاتون کی بہادری اور جرات سے ظاہر ہے کہ ایک صاف اور پاک رشتے کو استوار کرنے والے ڈرتے نہیں اس طرح کے واقعات کا ہمارے معاشرے، قبائلی روایات اور مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو جس میں چند مسلح افراد کی جانب سے ایک خاتون اور مرد کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا جاتا ہے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو میں دکھائی گئی بربریت ہر سطح پر قابل مذمت ہے اور حکومت بلوچستان کو اس ظلم پر خاموش تماشائی نہیں بننا چاہیے واقعے میں ملوث عناصر کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی ذرائع بروئے کار لائے جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے پہلے لوگ سو بار سوچیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک زندہ معاشرے کی تشکیل کیلئے ہمیں کسی کے من پسند و ذاتی مفادات کو روایات اور مذہب سے نہیں جوڑنا چاہیے، چند مسلح افراد کا خاتون کو کسی بھی نام پر قتل کرنا خلاف انسانیت عمل ہے، ویڈیو میں خاتون کی بہادری اور جرات سے ظاہر ہے کہ ایک صاف اور پاک رشتے کو استوار کرنے والے ڈرتے نہیں ہے اس طرح کے واقعات کا ہمارے معاشرے، قبائلی روایات اور مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان خواتین کے تحفظ کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہمیں ایک زندہ معاشرے کا ثبوت دینا ہوگا۔