Live Updates

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا جہلم کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، نقصانات اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا

پنجاب بھر میں بارشوں ، سیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات کے جائزے ، تخمینے کا عمل شروع ،شفاف، درست اور منصفانہ سروے کے ذریعے متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا،میڈیاسے گفتگو

اتوار 20 جولائی 2025 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ جہلم سمیت پنجاب بھر میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات کے جائزے اور تخمینے کا عمل شروع ہو گیا ، متاثرین کیساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے، شفاف، درست اور منصفانہ سروے کے ذریعے متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

وہ اتوارکوجہلم کے بارش اور سیلابی ریلوں سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر شہریوں سے ملاقات اور صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر مملکت خزانہ و ریلوے خورد چوٹالہ، رسول نگر، دادو پور، امبر کے متاثرہ علاقوں میں گئے اور نقصانات کا جائزہ لیا۔ وزیر مملکت نے خورد چوٹالہ میں ریلیف کیپ اور میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

متاثرہ لوگوں کے علاج معالجے، ادویات، ڈاکٹروں اور طبی عملے کی دستیابی کا معائنہ کیا۔

وزیر مملکت نے مال مویشیوں کے علاج کے کیمپ کا بھی جائزہ لیا اور حیوانات کے ڈاکٹرز سے بھی بات کی۔ انہیں بتایا گیا کہ ویٹرنری ڈاکٹرز دیگر علاقوں میں جا کر بھی مال مویشیوں کا علاج کر رہے ہیں۔ وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے پٹوار، محکمہ زراعت اور لائیو سٹاک حکام کی موقع پر شہریوں کے نقصانات کے اندراج کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لئے امدادی کیمپوں میں ہی نقصانات کا اندراج کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انشااللہ اس عمل کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ یقینی بنائیں گے کہ ہر مستحق شخص کے نقصان کا جائز ازالہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ساتھیوں اور اہل علاقہ کو بھی اس عمل میں تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی نگرانی میں ہر شہری کا حق اسے پہنچائیں گے،اس شدت کے فلیش فلڈ کی اس سے پہلے مثال نہیں ملتی، ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، ریسکیو 1122، ٹریفک پولیس، محکمہ زراعت سمیت تمام اداروں نے بڑے جذبے اور محنت سے کام کیا ہے جو قابل تعریف اور لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہل علاقہ کے مطالبے پر نالہ بنا کے مختلف حصوں پر بند اور پشتوں کے حوالے سے بھی جائزے کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں نقصانات سے بچا جا سکے۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آئیسکو نے بجلی کے کھمبوں کی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔ سڑکوں کی مرمت و بحالی کا کام بھی جاری ہے۔ وزیر مملکت خزانہ و ریلوے نے کہاکہ دارا پور میں گرنے والے سٹیل کے پل کی مرمت اور بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں عارضی بنیادوں پر رابطہ بحال ہو جائے۔

قبل ازیں وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی سیداں والا، جلال پور شریف پہنچے جہاں انہوں نے گزشتہ دنوں سیلابی ریلے میں عوام کی جان بچانے والے پنجاب پولیس کے شہید سپاہی حیدر علی حسین کو قبر پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے شہید کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حیدر علی حسین نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کی زندگیاں بچا کر شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ حیدر علی حسین شہید کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔وزیر مملکت نے اہل خانہ کو شہید پیکیج کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات