شاہ رخ خان کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے کی خبریں بے بنیاد

فلم’’کنگ‘‘ کی ریلیز 2026 کے اکتوبر سے دسمبر کے درمیان متوقع ہے فلم میں شاہ رخ خان کی بیٹی سوہانا خان بھی بڑے پردے پر اپنا ڈیبیو کریں گی

پیر 21 جولائی 2025 11:00

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)فلم کنگ کی شوٹنگ کے دوران بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کے زخمی ہونے کی افواہیں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، تاہم حالیہ رپورٹس کے مطابق ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔گزشتہ روز ایسی خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ شاہ رخ خان ممبئی میں بننے والی ایکشن فلم کنگ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے اور علاج کے لیے پہلے امریکا اور پھر مستقل طور پر صحت یابی کے لیے برطانیہ منتقل ہو رہے ہیں۔

رپورٹس میں بتایا جا رہا تھا کہ شاہ رخ خان کی انجری کے باعث ان کی فلم کی شوٹنگ کا شیڈول بھی متاثر ہوگا۔تاہم این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ان تمام خبروں میں کوئی صداقت نہیں، اگرچہ شاہ رخ خان کو ماضی میں مختلف فلموں کی شوٹنگ کے دوران معمولی چوٹیں لگتی رہی ہیں اور بعض اوقات وہ تکلیف دوبارہ محسوس ہو سکتی ہے، لیکن وہ باقاعدگی سے اپنے علاج کے لیے امریکا جاتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ شاہ رخ خان جولائی کے دوسرے ہفتے میں امریکا روانہ ہوئے تھے اور وہ مہینے کے آخر تک واپس آ جائیں گے۔ایسا پہلی بار نہیں کہ شاہ رخ خان کے زخمی ہونے کی جھوٹی خبریں انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی ہوں، اس سے قبل بھی ایسی افواہیں گردش کر چکی ہیں کہ وہ کسی شوٹ کے دوران ناک پر چوٹ لگنے سے زخمی ہو گئے، حالانکہ حقیقت یہ تھی کہ انہوں نے ایک معمولی نزلہ و زکام سے متعلق ناک کی سرجری کروائی تھی، نہ کہ کسی حادثے کا شکار ہوئے تھے۔

کنگ ایک ایکشن سے بھرپور تھرلر فلم ہوگی، جس میں شاہ رخ خان ایک بار پھر پٹھان کے ہدایتکار سدھارتھ آنند کے ساتھ کام کریں گے۔فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں شاہ رخ خان کی بیٹی سوہانا خان بھی بڑے پردے پر اپنا ڈیبیو کریں گی، اس سے قبل وہ او ٹی ٹی فلم دی آرچیز (2023) میں جلوہ گر ہو چکی ہیں، کنگ میں وہ اپنے والد کے ساتھ اسکرین شیئر کرتی نظر آئیں گی، جو فلم کا اہم پہلو ہوگا۔فلم کی ریلیز 2026 کے اکتوبر سے دسمبر کے درمیان متوقع ہے۔