Live Updates

دریائے جہلم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، جھنگ میں بڑا ریلہ داخل، خوشاب کو بھی خطرہ لاحق

اب تک پنجاب بھر کے 1769 دیہات ڈوب چکے، لائیو سٹاک کو بھی شدید نقصان پہنچا، 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 اگست 2025 12:25

دریائے جہلم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، جھنگ میں بڑا ریلہ داخل، خوشاب ..
خوشاب ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب میں دریائے جہلم میں پانی کی سطح بلند ہوگئی جس کے بعد جھنگ میں بڑا ریلہ داخل ہوگیا اور خوشاب کو بھی خطرہ لاحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے دریائے جہلم میں بھی پانی چھوڑ دیا، جس کی وجہ سے خوشاب کو خطرہ ہے اور جھنگ میں بڑا ریلا داخل ہونے کے بعد شہرکے تاریخی پل کے قریب شگاف ڈال دیا گیا، جھنگ چنڈ ریلوے ایمبنکمنٹ پر شگاف ڈال کر یہاں سے گزرنے والے 4 لاکھ 96 ہزار کیوسک پانی میں سے 1 لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی کو موڑ دیا گیا، سیلابی ریلے کا رخ موڑنے سے 25 سے 30 دیہاتوں کومحفوظ کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ دریائے جہلم میں آنے والے اس پانی کو اگر منگلا ڈیم میں ذخیرہ نہ کیا جا سکا تو دریائے چناب میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے، اگر بھارت کی جانب سے جہلم دریا میں زیادہ پانی چھوڑ دیا گیا تو آزاد کشمیر کے ساتھ پاکستان کے دریائے جہلم کے نزدیک آباد شہروں اور دیہات کو بھی سیلاب کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ این ڈی ایم اے نے تینوں مشرقی دریاؤں میں موجود شدید سیلابی صورتحال کے باعث نشیبی دریائے سندھ میں بھی شدید سیلابی صورتحال کے خطرہ کا انتباہ جاری کیا ہے، نشیبی اور دریائی علاقے خطرے میں ہیں اوور فلو، بند ٹوٹنے اور علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جب کہ این ڈی ایم اے نے گوجرانوالہ، لاہور اور گجرات ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اگلے 12 سے 18 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ راوی، چناب اور ستلج میں شدید طغیانی سے 14 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 1692 موضع جات زیرِ آب آ چکے ہیں، ، چناب میں 991 دیہات ڈوب گئے، سیالکوٹ میں 395، جھنگ میں 127، ملتان میں 124، چنیوٹ میں 48، گجرات میں 66، خانیوال میں 51، حافظ آباد میں 45، سرگودھا میں 41، منڈی بہاالدین میں 35 اور وزیرآباد میں 19 دیہات متاثر ہوئے اور مجموعی طور پر اب تک پنجاب بھر کے 1769 دیہات ڈوب چکے ہیں، 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات