Live Updates

پنجاب میں بہنے والے دریائوں میں بدستور سیلاب کی صورتحال بر قرار ر وہاڑی میں بھی ہزاروں افراد متاثر ،بند ٹوٹنے سے پانی آبادیوں میں داخل ہوگیا

ہفتہ 30 اگست 2025 11:48

پنجاب میں بہنے والے دریائوں میں بدستور سیلاب کی صورتحال بر قرار ر وہاڑی ..
لاہور/ملتان/مظفر گڑھ/قصور/اوکاڑہ/پاکپتن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)پنجاب میں بہنے والے دریائوں میں بدستور سیلاب کی صورتحال بر قرار ہے ، دریائے راو ی میں پانی کا بہائو کم ہوا ہے تاہم سیلاب کی زد میں آنے والی آبادیاں اور زرعی رقبہ تاحال کئی کئی فٹ پانی میں ڈوبا ہوا ہے ، دریائے ستلج اور چناب میں سیلاب کی صورتحال بر قرار ہے ، سیلابی ریلے اب جنوبی پنجاب اور آگے سندھ کی طرف بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے ہائی الرٹ جاری ہے ۔

تفصیلات کے مطابق 24گھنٹوں میں دریائے چناب سے 10 لاکھ کیوسک کاریلا متوقع ہے جبکہ سیلاب کی صورتحال سے 3لاکھ سے زائد افراد کے متاثر ہونے کاخدشہ ہے،ملتان بھر میں 1 لاکھ 19 ہزار 715 سے زائد سیلاب متاثرین محفوظ مقامات پرمنتقل ہوگئے۔

(جاری ہے)

پنجاب کے دریائوں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے،23 اضلاع میں بستیاں اور دیہات زیرآب آگئے،اب تک پچیس افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 14لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہیں۔

دریائے ستلج ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پرتین دہائیوں کی خطرناک صورتحال ہے جہاں بہائو تین لاکھ سے تجاوز کرگیا ہے ،قصور شہر خطر ے میں ہے،انتظامیہ نے تلوار پوسٹ سے ملحقہ دیہات خالی کرالیے،چونیاں میں کھمبے دریا برد ہونے سے بجلی کی سپلائی بندہے،اوکاڑہ،بہاولنگر، پاکپتن،بورے والا اور وہاڑی میں بھی ہزاروں افراد متاثر ہیں،بند ٹوٹنے سے پانی آبادیوں میں داخل ہوگیا،کہروڑ پکا کے متعدد علاقے ڈوب گئے،ہیڈ سلیمانکی پر پانی کا بہا ئوایک لاکھ اڑتیس ہزار کیوسک تک جا پہنچا۔

دریائے راوی میں پانی کے بہا ئومیں نمایاں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے،شاہدرہ پرپانی کابہائومزید کم ہوکر ایک لاکھ 38 ہزارکیوسک پر آگیا،اسی طرح جسڑ کے مقام پربہا ئو78ہزار تین سو کیوسک رہ گیا،شاہدرہ اور سائفن کے مقام پراونچے درجے کاسیلاب ہے،لاہورکی نواحی آبادیاں تاحال سیلاب کی زدمیں ہیں،جہاں متعدد علاقے بدستور زیر آب ہیں،ہیڈ بلوکی پردبا ئوبڑھ گیا،جہاں ایک لاکھ 97 ہزار 170 کیوسک کا ریلابہہ رہا ہے،ہیڈ بلوکی کے 51 تمام گیٹ کھول دئیے گئے۔

دریائے چناب میں چنیوٹ پل پربہا ئوبتدریج کم ہورہا ہے،فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق اس پل پر 6 لاکھ 14ہزار 6 سو نوے کیوسک کا ریلا ہے،دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پربہا ئوایک لاکھ ایک ہزار چھ سوچالیس ریکارڈ کیا جارہاہے،دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر اونچے درجے کاسیلاب برقرار ہے جہاں پر 3 لاکھ 3 ہزار 828 کیوسک کا سیلابی ریلاہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات