Live Updates

جناح ہاؤس حملہ کیس؛ عمران خان کے بھانجے شاہ ریز خان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد

لاہور کی عدالت نے اس حوالے سے سماعت کے بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دے دیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 اگست 2025 13:10

جناح ہاؤس حملہ کیس؛ عمران خان کے بھانجے شاہ ریز خان کے مزید جسمانی ریمانڈ ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اگست 2025ء ) عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے بھانجے شاہ ریز خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، اے ٹی سی لاہور کے جج منظر علی گل نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

بتایا گیا ہے کہ پولیس نے عمران خان کے بھانجے شاہ ریز کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش کیا اور عدالت نے ملزم کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی، پولیس نے مزید تفتیش کے لیے شاہ ریز کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست دی تھی، تاہم انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے پولیس کی مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے شاہ ریز کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پولیس نے علیمہ خان کے صاحبزادوں شیر شاہ اور شاہ زیر کو 9 مئی کے مقدمے میں گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں، ذرائع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 9 مئی 2023ء کو پی ٹی آئی کی شرانگیزی میں شریک دو مفرور شر پسندوں کی گرفتاریاں کی گئیں ہیں، جناح ہاؤس حملے کے مفرور ایک اور مرکزی ملزم شیر شاہ خان کو گرفتار کرلیا گیا، نو مئی 2023ء کو جناح ہاؤس پر حملے کے وقت ملزم شیر شاہ سزا یافتہ مجرم حسان نیازی کے ساتھ موجود تھا، شیر شاہ 9 مئی 2023ء کو شر انگیزی کے بعد پہلے روپوش اور بعد میں لندن فرار ہو گیا تھا، شیر شاہ دو سال سے لندن میں روپوش تھا، گرفتاری قانون کے مطابق کی گئی ہے۔

ذرائع کا الزام ہے کہ کئی مہینوں تک شیر شاہ پروپیگنڈے کی آڑ میں چھپا رہا اور ریاست کے خلاف ڈیجیٹل مہمات چلاتا رہا، ملزم شیر شاہ کو پاکستان واپسی پر پولیس نے 22 اگست 2025ء کو گرفتار کیا گیا، ملزم شیر شاہ پر نو مئی حملہ کیس میں پہلے بھی ایف آئی آر درج ہے، اسی طرح دوسرے ملزم شاہ ریز خان کو بھی 9 مئی 2023ء جناح ہاؤس پر حملے اور منصوبہ بندی کے سلسلے میں باقاعدہ طور پر گرفتار کیا گیا، شاہ ریز کا نام ستمبر 2023ء کی ضمنی رپورٹ میں بھی شامل تھا، شاہ ریز کو 22 اگست 2025ء کو عدالت میں پیش کیا گیا، شاہ ریز کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات