ہیکرز جعلی واٹس ایپ پیغامات سے پاکستانی صارفین کا ڈیٹا چرانے لگے، وارننگ جاری

مقامی یا بین الاقوامی نمبروں سے بھیجے گئے فریب پر مبنی پیغامات کے لیے ہائی الرٹ رہیں جو واٹس ایپ کا آفیشل اکاؤنٹ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور اس کا لوگو ڈسپلے کرتے ہیں؛ پی ٹی اے اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 جولائی 2025 13:54

ہیکرز جعلی واٹس ایپ پیغامات سے پاکستانی صارفین کا ڈیٹا چرانے لگے، وارننگ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی 2025ء ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں واٹس ایپ صارفین کو نشانہ بنانے والے جعلی پیغامات کی ایک نئی لہر کے بارے میں عوامی انتباہ جاری کردیا۔ اتھارٹی نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ مقامی یا بین الاقوامی نمبروں سے بھیجے گئے فریب پر مبنی پیغامات کے لیے ہائی الرٹ رہیں جو واٹس ایپ کا آفیشل اکاؤنٹ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور اس کا لوگو ڈسپلے کرتے ہیں، ان پیغامات میں اکثر نقصان دہ یو آر ایل لنکس اور گمراہ کن دعوے ہوتے ہیں، جن میں واٹس ایپ کے قوانین کی خلاف ورزی سے آگاہی یا اکاؤنٹ کی تصدیق کی جعلی ضروریات شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ پیغامات واٹس ایپ کے نہیں ہیں اور لنکس ڈیٹا کی چوری یا صارف کے واٹس ایپ اکاؤنٹ کے مکمل سمجھوتہ کا باعث بن سکتے ہیں، اس لیے صارفین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک لنک پر کلک نہ کریں اور نہ ہی اس طرح کے پیغامات کا جواب دیں، اس کے بجائے ایسے پیغامات بھیجنے والے کو فوری طور پر بلاک کرنے اور رابطے کی اطلاع براہ راست واٹس ایپ کو بھیجی جائے جو اینڈرائیڈ یا آئی او ایس آلات پر واٹس ایپ کے ہیلپ سینٹر پر دستیاب آفیشل گائیڈنس کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اتھارٹی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اگرچہ پیغامات مستند دکھائی دیتے ہیں لیکن وہ صارفین کو ان کی ڈیجیٹل سکیورٹی سے سمجھوتہ کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں جب کہ واٹس ایپ اپنے صارفین کے ساتھ اس طرح کی بات چیت نہیں کرتا اس لیے صارفین کو اکاؤنٹ پر کارروائی کے لیے غیر منقولہ درخواستوں کو شک کی نگاہ سے دیکھنا چاہیئے، عوام محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دیں، شہری اپنی موبائل ایپس کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کریں اور اکاؤنٹ کی سکیورٹی بڑھانے کے لیے واٹس ایپ پر دو مراحل کی تصدیق کو فعال کریں۔