بزم علم و فن پاکستان کے زیراہتمام معروف شاعر و گلوکار شکیل اعوان کے ہندکو شعری مجموعہ ”چیندک“ کی تقریبِ رونمائی

پیر 21 جولائی 2025 16:54

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) بزم علم و فن پاکستان کے زیراہتمام ماڈرن ایج پبلک سکول اینڈ کالج (گرلز کیمپس) ایبٹ آباد میں اردو اور ہندکو زبان کے معروف شاعر و گلوکار شکیل اعوان کے ہندکو شعری مجموعہ ”چیندک“ کی تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی۔ تقریب میں ہزارہ بھر سے اہلِ علم و ادب، اساتذہ، طلبہ اور شاعری کے شائقین نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کی صدارت ممتاز ادبی و سماجی شخصیت دانشور و شاعر احمد حسین مجاہد نے کی جبکہ نظامت کے فرائض ممتاز ادیب و محقق ڈاکٹر عامر سہیل نے انجام دیئے۔ تقریب کے روح رواں اور میزبان محفل معروف شاعر، معلم اور نثر نگار واحد سراج تھے جنہوں نے بزم علم و فن کے اغراض و مقاصد اور پروگرام کے پس منظر پر سیر حاصل گفتگو کی۔

(جاری ہے)

پروگرام کے مہمانانِ گرامی میں ممتاز شاعر سید توقیر حسین شاہ، معروف نعت خواں و شاعر حسان احمد حسینی اور نوجوان محقق و شاعر اسامہ پرویزخان شامل تھے جنہوں نے شکیل اعوان کی شاعری، ان کے اسلوب اور ہندکو زبان کے فروغ میں ان کے کردار پر سیر حاصل گفتگو کی۔

مقررین نے کہا کہ شکیل اعوان کی شاعری ہندکو زبان کی روح، ثقافت اور روایت کا حسین امتزاج ہے، ان کا شعری مجموعہ ”چیندک“ زبان و بیان کی نزاکت، فکر و فن کی گہرائی اور علاقائی پہچان کا ترجمان ہے۔ ان کے کلام میں سادگی، صداقت اور محبت کی خوشبو نمایاں ہے۔ صدرِ مجلس احمد حسین مجاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ بزمِ علم و فن پاکستان ادبی ورثہ کو زندہ رکھنے اور نوجوان نسل کو زبان و ادب سے جوڑنے کا قابلِ تحسین کام کر رہی ہے۔

انہوں نے شکیل اعوان کی ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے ”چیندک“ کو ہندکو ادب کا اہم سنگِ میل قرار دیا۔ آخر میں شکیل اعوان نے شرکاءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے چند منتخب اشعار سنائے جنہیں حاضرین نے دل کھول کر سراہا۔ تقریب کے اختتام پر کتاب ”چیندک“ کی باقاعدہ رونمائی کی گئی اور شرکاءمیں اس کا تعارفی نسخہ بھی تقسیم کیا گیا۔