خیبر میڈیکل یونیورسٹی کا ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے لیےغیر ملکی زبانوں کے کورسز کاآغاز

پیر 21 جولائی 2025 16:57

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور نے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز، فیکلٹی اور طلبہ کے لیے اپنے بین الاقوامی کیریئر کو بہتر بنانے اور بیرونِ ملک روزگار کے مواقع حاصل کرنے کے لیے سرٹیفائیڈ غیر ملکی زبانوں کے کورسز کاآغاز کردیاہے۔۔ ان کورسز کا مقصد ہیلتھ کیئر سٹاف اور طلبہ کو بنیادی اور پیشہ ورانہ زبان کی مہارت فراہم کرنا ہے۔

یہ کورسز نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل ) پشاور کے اشتراک سے فراہم کیے جائیں گے۔ ان کورسز میں عربی، جرمن، چائنیز، کورین اور انگلش زبان شامل ہیں، جو انتہائی سبسڈائزڈ فیس 20,000 روپے میں کروائے جائیں گے۔ کورسز کی مدت 18 ہفتے رکھی گئی ہے۔ کامیاب شرکاء کو نمل کی جانب سے سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق نے کہا ہے کہ گلف،مشرق بعید اور یورپی ممالک میں روزگار کے خواہشمند ہیلتھ پروفیشنلز کے لیے زبان کی رکاوٹ ایک بڑا چیلنج ہےجس کے باعث ان کے مواقع محدود ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کورسز کا مقصد خیبرپختونخوا کے ہیلتھ پروفیشنلز کو بیرونِ ملک روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ کورسز کے ایم یو کے مین کیمپس، فیز 5، حیات آباد، پشاور میں منعقد ہوں گے۔ کورسز میں شرکت کے لیے کے ایم یو کے تمام کنسٹیٹیوئنٹ اور الحاق شدہ کالجز کے طلبہ، فیکلٹی اور سٹاف اہل ہیں ۔رجسٹریشن کی آخری تاریخ 28 جولائی 2025 مقرر کی گئی ہے جبکہ ہر زبان کے کورس کے آغاز کے لیے کم از کم 50 طلبہ کی رجسٹریشن ضروری ہے۔