جاپان : ایوانِ بالا کے انتخابات میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت ”سانسیٹو پارٹی“کو بڑی کامیابی

جاپان فرسٹ کا مطلب ہے جاپانی عوام کی زندگیوں کو عالمی ازم کے خلاف بحال کرنا . پارٹی راہنما سوہی کامییا کا بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 21 جولائی 2025 14:59

جاپان : ایوانِ بالا کے انتخابات میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت ”سانسیٹو ..
ٹوکیو(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 جولائی ۔2025 )جاپان کے ایوانِ بالا کے انتخابات میں انتہائی دائیں بازو کی سانسیٹو پارٹی بڑے فاتح بن کر ابھری پارٹی نے ”جاپان فرسٹ“ مہم کے ذریعے مرکزی دھارے کی سیاست میں قدم رکھا پارٹی نے 14 نشستیں جیتیں جو تین سال قبل حاصل کی گئی واحد نشست میں اضافہ ہے جبکہ ایوانِ زیریں میں اس کے پاس صرف تین نشستیں ہیں.

پارٹی کے راہنما سوہی کامییا نے کہا کہ جاپان فرسٹ کا مطلب ہے جاپانی عوام کی زندگیوں کو عالمی ازم کے خلاف بحال کرنا انہوں نے واضح کیا کہ غیر ملکیوں پر مکمل پابندی کی وکالت نہیں کی جا رہی.

(جاری ہے)

وزیراعظم شیگیری ایشیبا کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) اور اس کی اتحادی کو میتو نے ایوان بالا میں اکثریت کھو دی جو اکتوبر میں ایوانِ زیریں کی شکست کے بعد اپوزیشن پر مزید انحصار کرنے پر مجبور ہوں گے کامییا نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ”بہادر سیاسی انداز“ سے متاثر ہو کر پارٹی کی بنیاد رکھی اور اب وہ یورپی دائیں بازو کی جماعتوں کی طرح چھوٹی پارٹیوں سے اتحاد بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں.

ان کی انتخابی مہم میں خواتین امیدواروں کو بھی شامل کیا گیا جن میں سنگر ”سایا“ بھی ہیں جنہوں نے ٹوکیو سے نشست جیتی پارٹی کے یوٹیوب چینل کے 4لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں جو موجودہ حکمران جماعت ایل ڈی پی سے تین گنا زیادہ ہیں کامییا نے کہا کہ ہماری تعداد آہستہ آہستہ بڑھ رہی ہے اور جلد 50 سے 60 نشستیں حاصل کر کے ہماری پالیسیوں کو حقیقت کا روپ دیں گے. انتخابات سے قبل سروے میں 29 فیصد ووٹروں نے سماجی تحفظ اور کم شرح پیدائش کو سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا جبکہ 28 فیصد بڑھتی ہوئی چاول کی قیمتوں سے پریشان تھے پارٹی کی مقبولیت نے جاپان کی سیاست کو مزید دائیں جانب دھکیل دیا ہے.