صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے آذربائیجان کے سفیر کی ملاقات

پیر 21 جولائی 2025 17:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی۔پیر کو ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر ایف پی سی سی آئی نے سیاسی،دفاعی معاشی اور سماجی سطح پر پاک آذر بائیجان تعلقات میں حالیہ گرمجوشی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آذر بائیجان کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں،آذربائیجان ای سی او کے پلیٹ فارم سے متحرک اور موثر کردار ادا کر رہا ہے۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔آذر بائیجان کے سفیر نے عاطف اکرام شیخ کے بطور صدر ای سی او -سی سی آئی متحرک کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے قریبی تجارتی تعلقات میں بزنس کمیونٹی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافے،بی ٹو بی تعلقات میں بہتری کے حوالے سے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔