مفکر اسلام علامہ قمر الزمان اعظمی کی ساٹھ سالہ دینی خدمات کے اعتراف میں عظیم الشان گولڈن جوبلی

عالمی مبلغ اسلام مولانا عبد الستار خان نیازی اور مولانا شاہ احمد نور انی کی سرپرستی میں دین کا بیڑا اٹھایا ، کئے ادارے قائم کئے ، علامہ قمر الزمان مجھے یہ دیکھ کر بھی خوشی ہوئی ہے کہ دنیا بھر کی زبانیں بولنے والے علماء اور حفاظ کرام اکٹھے ہوئے ہیں ، دنیا بھر میں انقلاب برپا کر سکتے ہیں، خطاب

پیر 21 جولائی 2025 21:33

مانچسٹر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)مفکر اسلام علامہ قمر الزمان اعظمی کی 60 سالہ دینی خدمات کے اعتراف میں غوثیہ مسجد ہال بولٹن میں ایک عظیم الشان گولڈن جوبلی جلسہ منعقد ہوا جس میں دنیا بھر سے علماء کرام ، قاری صاحبان، نعت خواں حضرات اور مذہبی سکالرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مولانا قمر الزمان اعظمی کی دینی خدمات جو کہ نہ صرف برطانیہ بلکہ دنیا بھر میں ورلڈ اسلامک مشن کے پلیٹ فارم سے مساجد کی تعمیر اور دیگر دینی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔

اس موقع پر مفکر اسلام علامہ قمر لزمان اعظمی نے اپنے خطاب میں کہاکہ میں نے اپنی تبلیغی اور دینی سفر کا آغاز 18سال کی عمر میں کیا ۔ انہوںنے بتایاکہ میں نے سب سے پہلے ہندوستان میں ایک ادارہ قائم کیا اور دس سال وہاں کام کر نے کے بعد میں پھر میں انگلینڈ آگیا تھااور اس وقت سے لیکر آج تک مسلسل کام کررہاہوں ، دنیا کے بہت سے علاقوں میں عظیم ادارے قائم کئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عالمی مبلغ اسلام مولانا عبد الستار خان نیازی اور مولانا شاہ احمد نور انی کی سرپرستی میں انہوںنے دین اسلام کا بیڑا اٹھایااوردین اسلام کے کام کو دنیا بھر میں پھیلانے کیلئے کئی سینیٹرز قائم کئے ہیں جس سے فارغ التحصیل طلباء اپنی دینی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔اس موقع پر انہوںنے ان کو سراہنے کیلئے دنیا بھر سے آئے ہوئے علماء کرام کاشکریہ ادا کیا ۔

انہوںنے کہاکہ مجھے یہ دیکھ کر بھی خوشی ہوئی ہے کہ دنیا بھر کی زبانیں بولنے والے علماء اور حفاظ کرام اکھٹے ہوئے ہیں اور مختلف زبانوں میں یہاں تقاریر ہوئی ہیں جس سے مجھے امید ہے کہ دنیا بھر میں انقلاب برپا کر سکتے ہیں ۔تقریب میں علامہ قمر الزمان اعظمیٰ کی ساٹھ سالہ دینی خدمات اور ان کے حالات زندگی پرایک کتاب ’’جہان قمر ‘‘کا بھی اجراء کیا گیا ۔

کینیڈا ، امریکہ اور ہالینڈ سمیت دیگر ممالک سے آئے ہوئے علماء کرام اور ورلڈ اسلامک مشن کے عہددیداروں نے علامہ قمر الزمان کو ان کی دین اسلام کیلئے خدمات کے اعتراف میں شیلڈ اور تحائف بھی پیش کئے ۔تقریب میں ہالینڈ سے مفتی شکور رمضان ، ٹیکساس امریکہ سے مفتی قمر الحسن قادری ، شکاگو امریکہ سے مفتی ساجد حسین ، بھارت سے علامہ شاکر نوری اور قاری رضوان ، پاکستان سے پیر مشتاق ہاشمی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ برطانیہ سے علامہ ارشد مصبائی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر امت مسلمہ بالخصوص فلسطین کے بے بس اور نہتے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ برطانیہ بھر سے مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد نے اس گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کی۔