ایم این ایس زرعی یونیورسٹی اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے تعاون سے موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں شجرکاری کی اہمیت بارے آگاہی سیمینار

پیر 21 جولائی 2025 23:12

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) ملتان ایم این ایس زرعی یونیورسٹی اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے تعاون سے موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں شجرکاری کی اہمیت پر آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار کے مہمان خصوصی سربراہ کمیونٹی میڈیسن نشتر میڈیکل یونیورسٹی تھے جس میں طلبہ و طالبات اور فیکلٹی نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر مقرب علی ایسوسی ایٹ پروفیسر زرعی یونیور سٹی نے شرکاء کو موسمیاتی تبدیلیوں کی وجوہات ان کی وجہ سے ہونے والے نقصانات اور دور حاضر میں ان نقصانات کو کم کرنے کے حوالے سے عملی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی کا دورانیہ 9۔1 فیصد ہو رہا ہے جس کی وجہ سے فضائی آلودگی ہے اور پاکستان میں ہر بندے کی زندگی اوسط 2.7 سال کم ہو رہی ہے اور آبادی میں اضافہ کی وجہ سے ان مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جبکہ پاکستان میں درختوں کا رقبہ 4 فیصد کے قریب ہے جس کو بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ پاکستان میں ایک فرد کے لیے تین سے چار درخت موجود ہیں جو کہ بین الاقوامی سطح پر بہت کم ہے۔

(جاری ہے)

کینیڈا میں اوسط 12000جبکہ آسٹریلیا میں 3280درخت ایک فرد کے لیے موجود ہیں۔اس تناظر میں نوجوان درختوں کی کاشت اور ان کی دیکھ بھال میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کا یہ ویژن ہے کہ پورے ساؤتھ پنجاب میں زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر موسمیاتی تبدیلیوں کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے جس کے لیے زرعی یونیورسٹی ملتان ڈسٹرکٹ گورنمنٹ،یونیو ر سٹیز اور کمیونٹی کے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ درخت لگائے گی۔پروگرام کے آخر میں نشتر یونیو ر سٹی کی انتظامیہ نے زرعی یونیورسٹی ملتان کے اس اقدام کو سراہا۔