یورینیم کی افزودگی سے دستبردار نہیں ہوں گے، ایران

منگل 22 جولائی 2025 08:30

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) ایرا ن نے کہا ہے کہ وہ یورینیم کی افزودگی سے دستبردار نہیں ہو گا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فوکس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنی یورینیم افزودگی کے پروگرام سے دستبردار نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہماری نیوکلیئر تنصیبات کو سنگین نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے پروگرام فی الحال رکا ہوا ہے، لیکن یہ واضح ہے کہ ہم افزودگی نہیں چھوڑیں گے کیونکہ یہ ہمارے سائنسدانوں کی بڑی کامیابی ہے اور اب یہ قومی وقار کا معاملہ بھی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان حملوں کے بعد نیوکلیئر ادارہ نقصان کا تفصیلی جائزہ لے رہا ہے اور اب تک معلوم ہوا ہے کہ تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔یورینیم کی بچت کے بارے میں سوال پر عراقچی نے کہا کہ میرے پاس اس بارے میں تفصیلی معلومات نہیں، لیکن ہمارے ادارے اس کی مکمل جانچ کر رہے ہیں کہ ہمارے مواد کو کیا نقصان پہنچا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے، البتہ اس وقت براہِ راست مذاکرات نہیں ہو رہے۔