بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی زائد العمر ہونے کی وجہ سے نااہل قرار

منگل 22 جولائی 2025 13:38

بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی زائد العمر ہونے  کی وجہ سے نااہل قرار
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدرراجر بنی کو زائد العمر ہونے کی وجہ سےان کے عہدے کے لئے نااہل قرار دے دیا گیا ہے تاہم ان کی طرف سے عہدہ چھوڑنے سے انکار نے بی سی سی آئی میں غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ راجر بنی 19 جولائی کو 70 سال کے ہو گئے تھے جس پر ان کو بورڈ کے آئین کے ذریعہ نااہل قرار دے دیا گیا ۔

(جاری ہے)

بھارتی سپریم کورٹ سے منظور شدہ بی سی سی آئی کے آئین کے مطابق کوئی بھی عہدیدار جو 70 سال کی عمر کو پہنچ جائے وہ اس عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتا اورنا اہل ہوجاتا ہے۔بی سی سی آئی کے مطابق بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا عارضی طور پر بورڈ کے صدر کا عہدہ سنبھال سکتے ہیں،تاہم اس کا فیصلہ رواں سال ستمبر میں ہونے والی سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم ) میں ہونا ہے۔ راجر بنی کے مطابق وہ نئے صدر کی تعیناتی تک کسی سرکاری دستاویزات پر دستخط کئے بغیر نگراں کی حیثیت سے کام جاری رکھ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ قومی کھیل بل بھارتی پارلیمنٹ کے جاری مون سون سیشن کے دوران پیش کیا جانا ہے اور راجر بنی کو اس بل کے تحت صدارتی مدت میں اضافے کی امید ہے۔