وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا تیز بارشوں سے جانی و مالی نقصانات پر اظہار افسوس

منگل 22 جولائی 2025 14:32

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا  تیز بارشوں سے جانی و مالی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں تیز بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان حادثات میں دس افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کیاہے۔وزیر اعلی ہائوس سے جاری بیان میں علی امین گنڈاپور نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اورجاں بحق افراد کی معفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے مختلف حادثات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف اور امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بارشوں سے ہونے والی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے والے انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں، مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔