Live Updates

طوفانی بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ کراچی کے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، شاہی سید

بدھ 10 ستمبر 2025 17:04

طوفانی بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ کراچی کے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صوبائی صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ ملک بھر بالخصوص کراچی میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کے پیش نظر کراچی کے عوام کو ریلیف فراہم کرنا نہ صرف حکومت بلکہ تمام سیاسی جماعتوں فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میںانہوں نے کہا کہ کراچی نے ہمیں سب کچھ دیا ہے اب وقت ہے کہ ہم اس مشکل گھڑی میں شہر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور عملی اقدامات کریںشاہی سید نے مزید کہا کہ قدرتی آفات دنیا بھر میں آتی ہیں لیکن باشعور اور عوامی حکومتیں ان سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرتی ہیں۔ بدقسمتی سے کراچی میں ایسا کچھ نہیں ہوا ۔

(جاری ہے)

تاہم اس وقت ضرورت حکومت پر تنقید کے بجائے متاثرہ عوام کی فوری مدد اور خدمت کرنے کی ہے۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں، فلاحی اداروں اور سماجی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ بلا تفریق انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت کراچی کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی مدد کے لیے میدان میں نکلیں اور فوری ریلیف فراہم کریں۔شاہی سید نے عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں کو بھی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ باچا خان کے پیروکار ہمیشہ ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ اس بار بھی اپنے اپنے علاقوں میں انسانیت کی خدمت کو اولین فریضہ سمجھتے ہوئے متاثرین کی مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت باچا خان کا فلسفہ ہے اور یہی ہماری سیاست کا محور بھی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات