پنجاب میں الیکٹرک بسوں کے منصوبے میں بڑی پیشرفت

بدھ 10 ستمبر 2025 15:21

پنجاب میں الیکٹرک بسوں کے منصوبے میں بڑی پیشرفت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)پنجاب کے تمام اضلاع میں جدید الیکٹرک بسیں چلانے کے منصوبے میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے اور چین سے الیکٹرک بسیں پہنچنے کے بعد ان کو مختلف اضلاع میں پہنچایا جارہا ہے جہاں اس سروس کا مرحلہ وار افتتاح کیا جائیگا۔ اس سلسلے میں ٹرانسپورٹ ہائوس لاہور میں صوبائی وزراء بلال اکبر خان اور ملک صہیب احمد برتھ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے بھی آن لائن شرکت کی۔

سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کوثر خان نے بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں 1100 الیکٹرک ایکو فرینڈلی بسوں کے منصوبے پر پیشرفت اور میانوالی و سرگودھا سمیت متعدد اضلاع میں الیکٹرک بسوں کا باقاعدہ آغاز کرنے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

دوران گفتگو وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق تمام اضلاع میں الیکٹرک بسیں چلانے کے منصوبے پر عملدرآمد شروع ہو چکا اور اب لاہور کے بعد دیگر اضلاع میں بھی چند روز بعد الیکٹرک بس سروس کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔

اگلے چند ہفتوں تک تمام اضلاع کی سڑکوں پر بھی 1100 الیکٹرک بسیں رواں دواں ہوںگی۔ صوبائی وزیر قانون و تعمیرات ملک صہیب احمد برتھ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکٹرک بسوں سے عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی کیونکہ صوبے کے تمام اضلاع کے عوام کو بھی لاہور جیسا جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم دینے کا عزم ہے۔ اس سلسلے میں ہماری حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔