نوازشریف کی اہلیہ سابق خاتون اوّل بیگم کلثوم نواز کی ساتویں برسی کل منائی جائے گی

بدھ 10 ستمبر 2025 20:06

نوازشریف کی اہلیہ سابق خاتون اوّل بیگم کلثوم نواز کی ساتویں برسی کل ..
جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 ستمبر2025ء) سابق وزیر اعظم پاکستان اورمسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نواز شریف کی اہلیہ سابق خاتون اوّل بیگم کلثوم نواز کی ساتویں برسی 11ستمبرجمعرات کو منائی جائے گی ۔ بیگم کلثوم نواز نے یکم جولائی 1950ء کو اندورن لاہور کے کشمیری گھرانے میں آنکھ کھولی،انہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد اپریل 1971ء میں نواز شریف کے ساتھ ازدواجی زندگی کا آغاز کیا، بیگم کلثوم نواز کے دو بیٹے حسن اور حسین نواز، جبکہ دو بیٹیاں مریم اور اسماء نواز ہیں۔

بیگم کلثوم نواز کو تین دفعہ خاتون اوّل ہونے کا اعزاز حاصل رہا، جبکہ 12 اکتوبر 1999 ء کو جب میاں نواز شریف کی حکومت ختم کر دی گئی تو اس وقت بیگم کلثوم نواز نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت سنبھالی، سابق وزیراعظم میاں نوازشریف جب پانامہ کیس میں نااہل ہوئے تو اس وقت ضمنی الیکشن کے لیے مسلم لیگ (ن) نے بیگم کلثوم نواز کو انتخابی میدان میں اتارا،بیگم کلثوم نواز کی انتخابی مہم کامیابی سے ان کی بیٹی مریم نواز نے چلائی۔

(جاری ہے)

این اے 120 کے ضمنی انتخابات میں کامیابی کے باوجود وہ حلف نہیں اٹھا سکیں،بیگم کلثوم نواز کو گلے کے سرطان کی تشخیص ہونے کے بعد علاج کی غرض سے لندن کے ایک نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا اور طویل علالت کے بعد وہ 11 ستمبر 2018ء کو لندن میں انتقال کر گئیں۔