شاہ سلمان مرکز کی امدادی اشیا شام، لبنان، سوڈان اور افغانستان پہنچ گئیں

غذائی اور ترقیاتی منصوبوں اور تربیتی کورس،کئی ممالک میں ہزاروں افراد مستفید

منگل 22 جولائی 2025 16:24

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)گزشتہ دنوں کے دوران شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے دنیا کے مختلف ممالک میں متعدد امدادی و انسانی نوعیت کی اشیا تقسیم کیں۔ یہ سرگرمیاں دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی مصیبتیں کم کرنے، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور ترقیاتی خود کفالت کے فروغ کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہیں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق شامی عوام کے لیے سعودی امدادی منصوبے کے تحت، مرکز نے شام میں سویدا سے درعا منتقل ہونے والے بے گھر افراد کو رہائشی امداد فراہم کی، جس سے 450 خاندان مستفید ہوئے۔سوڈان کی ریاست الجزیرہ کے عالقے کاملین میں مرکز نے 2025 کے لیے غذائی تحفظ کے منصوبے کے تیسرے مرحلے کے تحت بے گھر اور انتہائی ضرورت مند خاندانوں میں 550 غذائی ٹوکریاں تقسیم کیں۔

(جاری ہے)

لبنان کے علاقوں ضنیہ اور عکار میں مرکز نے 1072 غذائی ٹوکریاں تقسیم کیں، جن سے 5,360 افراد نے فائدہ اٹھایا۔ ان میں شامی پناہ گزین اور ضرورت مند لبنانی خاندان شامل تھے، اور یہ اقدام بھی غذائی تحفظ کے فروغ کے لیے کیا گیا۔افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں مرکز نے پاکستان سے اپنے وطن واپس آنے والے افراد کے لیے 59 غذائی ٹوکریاں تقسیم کیں، جن سے 354 افراد مستفید ہوئے۔

یہ کارروائی افغانستان میں 2025 تا 2026 کے غذائی تحفظ اور ہنگامی امداد کے منصوبے کے تحت انجام دی گئی۔اس کے علاوہ، مرکز نے یمن کے شہر عدن میں ایک رضاکارانہ منصوبے کا آغاز بھی کیا، جس میں تین ماہر خواتین رضاکاروں کی شمولیت سے سلائی اور فیشن ڈیزائننگ کی تربیتی ورکشاپوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد 25 افراد کو تربیت دینا ہے تاکہ انھیں معاشی طور پر خود کفیل بنایا جا سکے اور کاروباری قیادت کا شعور اجاگر کیا جا سکے۔ تربیت حاصل کرنے والوں میں پانچ سماعت سے محروم افراد شامل ہیں