Live Updates

آزاد کشمیر میں مسلسل بارش سے لینڈ سلائیڈنگ، متعدد سڑکیں بند

بارش کے باعث دریا، ندی نالوں اور برساتی راستوں میں شدید طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی

منگل 22 جولائی 2025 16:32

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی اور اس کے گردونواح میں گزشتہ رات سے جاری مسلسل بارش کے باعث مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد مقامی سڑکیں آمد و رفت کے لیے عارضی طور پر بند ہو گئی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق بند ہونے والی سڑکوں میں ککنی بگاہ روڈ(تحصیل کوٹلی)، دھناں لفٹ سٹاپ روڈ(تحصیل کھوئی رٹہ)، رہیاں تا کوٹلی روڈ (تحصیل کوٹلی)اور گوئی تا دندلی روڈ(تحصیل کوٹلی)شامل ہیں۔

محکمہ شاہرات نے تمام متاثرہ مقامات پر مشینری روانہ کر دی ہے اور سڑکوں کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے کام جاری ہے۔انتظامیہ نے مزید بتایا ہے کہ بارش کے باعث ضلع بھر کے دریا، ندی نالوں اور برساتی راستوں میں شدید طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، جس سے ممکنہ طور پر جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

شہریوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں، دریائوں اور تیز بہا ئووالے پانی کے قریب جانے سے گریز کریں، غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور بچوں کو بھی ایسے مقامات سے دور رکھیں۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ضلعی کنٹرول روم یا ریسکیو اداروں سے رابطہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ کوٹلی نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتیاط ہی بہترین تحفظ ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات