ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا ملک میں بارشوں سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار

منگل 22 جولائی 2025 16:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے شدید موسمی حالات، بالخصوص شمالی علاقہ جات، بابوسر ٹاپ، سوات، مظفرآباد اور لوئر دیر میں طوفانی بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی صورتحال کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔منگل کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بابوسر ٹاپ پر کلاؤڈ برسٹ کا واقعہ انتہائی المناک اور دل دہلا دینے والا ہے، جہاں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، متعدد افراد زخمی اور کئی لاپتہ ہوئے۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس کڑے وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ باہمی رابطے اور تعاون سے مؤثر بحالی کے اقدامات اٹھائیں تاکہ متاثرین کو فوری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور درجات کی بلندی، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ واقعات نے ایک بار پھر اس بات کو اجاگر کر دیا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا سنجیدگی سے مقابلہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر متوقع اور شدید موسمی واقعات کی شدت اور تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے لیے ایک قومی سطح کی جامع اور دیرپا حکمت عملی ناگزیر ہو چکی ہے۔ ہمیں نہ صرف قدرتی آفات سے نمٹنے کی استعداد کار کو بڑھانا ہوگا بلکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے انسانی جانوں اور معیشت کے نقصانات کو کم سے کم کرنے کےلئےجامع پلاننگ کرنا ہو گی۔ڈپٹی چیئرمین نے اس امر پر زور دیا کہ تمام ادارے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے متاثرہ علاقوں کے عوام کی مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔