Live Updates

برساتی نالے میں بہنے والی کار کا بمپر مل گیا، گاڑی اور باپ بیٹی تاحال لاپتہ

کار سمیت بہہ جانے والے ریٹائرڈ کرنل اور اُن کی بیٹی کی تلاش کیلئے دریائے سواں میں بھی ریسکیو آپریشن جاری

Sajid Ali ساجد علی منگل 22 جولائی 2025 14:48

برساتی نالے میں بہنے والی کار کا بمپر مل گیا، گاڑی اور باپ بیٹی تاحال ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جولائی 2025ء ) صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کے پوش علاقہ ڈی ایچ اے کے برساتی نالے میں بہنے والی کار کا بمپر مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق 64 سالہ ریٹائرڈ کرنل اپنی 25 سالہ بیٹی کے ہمراہ گاڑی میں گھر سے نکلے اور اس دوران جب انہوں نے برساتی نالے کے قریب سے گاڑی گزارنے کی کوشش کی تو سڑک پر پانی کا ریلہ گاڑی کو بہا کر لے گیا، بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے دونوں بات بیٹی بھی گاڑی کے ساتھ ہی پانی میں بہہ گئے، نالے میں کار سمیت بہہ جانے والے افراد گاڑی سے مدد کے لیے لوگوں کو پکارتے رہے، سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں کار سواروں کو مدد کے لیے ہاتھ ہلاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

اس حوالے سے ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ پانی میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش کے لیے آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے، پولیس اور ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں نے سرچ آپریشن شروع کیا، جس کے نتیجے میں ڈی ایچ اے فیز 5 راولپنڈی کے برساتی نالے میں بہنے والی کار کا بمپر مل چکا ہے، تاہم گاڑی میں سوار باپ بیٹی تاحال لاپتہ ہیں اور کار سمیت بہہ جانے والے ریٹائرڈ کرنل اور اُن کی بیٹی کی تلاش کیلئے دریائے سواں میں بھی ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آچکے ہیں، اس دوران راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں بھی پانی داخل ہوگیا اور ملحقہ دیہات بھی زیر آب آگئے، شدید بارش سے متاثر ہونے والے گاؤں میں باغ راجگان، کھڑکن، سوہاوہ شامل ہیں جب کہ اڈیالہ سرکل اور بسکٹ فیکٹری چوک پر بارش کے پانی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات