حکومت کا نیٹ میٹرنگ کنٹریکٹ ختم کرنے کا فیصلہ، صارفین کیلئے نئی شرائط عائد

منگل 22 جولائی 2025 21:38

حکومت کا نیٹ میٹرنگ کنٹریکٹ ختم کرنے کا فیصلہ، صارفین کیلئے نئی شرائط ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2025ء) حکومت نے لیسکو (لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی) کے ساتھ نیٹ میٹرنگ کی سہولت فراہم کرنے والے صارفین کے کنٹریکٹ ختم کرنے اور نئی شرائط کے تحت تجدید کا اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق، نیٹ میٹرنگ کے تحت متعدد صارفین کے سولر سسٹمز سے بجلی پیدا کرنے کے لائسنس اپنی 7 سالہ مدت مکمل کرچکے ہیں، جس کے بعد انہیں نیپرا قوانین کے تحت لائسنس کی تجدید کرانا ہو گی۔

میراڈ نے اس حوالے سے نوٹسز جاری کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔حکام کے مطابق، لیسکو سے کنٹریکٹ ختم ہونے کی صورت میں نیپرا کو لائسنس منسوخی کا کیس بھیجا جائے گا، اور منظوری کے بعد پرانا کنٹریکٹ ختم کر دیا جائے گا۔ صارفین کو دوبارہ کسی مجاز سولر کمپنی کے ذریعے لیسکو سے نیا کنٹریکٹ کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 کلو واٹ سے زائد کی نیٹ میٹرنگ سہولت حاصل کرنے والوں کو نیپرا سے پیداواری لائسنس لینا لازمی ہوگا، جس کے لیے شعبہ پلاننگ، میراڈ اور آپریشن سے نئی دستاویزات تیار کرنا ہوں گی۔

میراڈ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق صارفین کے لائسنس کی 7 سالہ مدت مکمل ہونے پر تجدید کی جائے گی تاکہ نیٹ میٹرنگ کے نظام کو نیپرا قواعد کے مطابق برقرار رکھا جا سکے۔واضح رہے کہ نیٹ میٹرنگ پراجیکٹ کے تحت صارفین کو بجلی پیدا کر کے لیسکو کو واپس بیچنے کی اجازت دی گئی تھی، جس سے ہزاروں گھریلو اور صنعتی صارفین نے فائدہ اٹھایا۔