گورنر پنجاب نے صوبے میں شدید بارشوں و سیلابی صورتحال کے پیش نظر اپنا چین کاسرکاری دورہ منسوخ کر دیا

منگل 22 جولائی 2025 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) گورنرپنجاب سردارسلیم حیدر خان نے صوبے میں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلابی صوتحال کے پیش نظر اپنا چین کاسرکاری دورہ منسوخ کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے پنجاب میں ہونے والی حالیہ شدید بارشوں اور اس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنی تمام تر تقریبات اور مصروفیات ختم کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں سیلابی ریلے میں گاڑی میں بہہ جانے والے باپ بیٹی کا واقعہ افسوسناک سانحہ جس کی تلاش جاری ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے باپ بیٹی کی تلاش میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا مگر اس سے بچائو کیلئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ اور ایسے پہاڑی علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں جان کا خطرہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں میں عوام کوتنہا نہیں چھوڑے گی۔گورنر پنجاب خود سیلابی علاقوں میں جاکر نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیلابی صورتحال میں تمام سیاسی جماعتوں کو سیاست سے بالا تر ہو کر سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔