چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور سینیٹر مولانا عطاءالرحمن کی ملاقات

منگل 22 جولائی 2025 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنما سینیٹر مولانا عطاءالرحمن نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ منگل کو سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی و امن و امان کی صورتحال، خیبرپختونخوا سمیت مختلف علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں، سکیورٹی چیلنجز اور دیگر اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ موجودہ حالات میں تمام سیاسی و سماجی قوتوں کو باہمی اتفاق اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔چیئرمین سینیٹ نے حالیہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ بطور ایوان بالا ہمیشہ قومی مفادات کے تحفظ، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی فلاح کے لئے سرگرمِ عمل رہے گا۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔