بنگلہ دیش نے پاکستان کو دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دے دی،میزبان ٹیم کوسیریزمیں فیصلہ کن برتری

منگل 22 جولائی 2025 22:10

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) بنگلہ دیش نے پاکستان کو دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سےشکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ پاکستان ٹیم 134 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 125 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ فہیم اشرف کی 51 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

بنگلہ دیش کے شریف الاسلام نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ذاکر علی کو 55 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ منگل کو شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز بنائے۔ ذاکر علی نے 55 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں 5 شاندار چھکے شامل تھے۔

(جاری ہے)

مہدی حسن نے 33 رنز کی معاونت کی۔ پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا، عباس آفریدی اور ڈیبیو کرنے والے احمد دانیال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستان ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 125 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور محض 15 رنز پر 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

فہیم اشرف نے مزاحمتی اننگز کھیلتے ہوئے 51 رنز بنائے جس میں 4 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے تاہم وہ بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ فخر زمان 8، صائم ایوب 1، سلمان آغا 9، عباس آفریدی 19، احمد دانیال 17 اور خوشدل شاہ 13 رنز بنا سکے جبکہ محمد حارث، حسن نواز اور محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شریف الاسلام نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن اور تنظیم حسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔