پاکستان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب

آخری میچ میں فتح کے باوجود ٹی ٹوئنٹی سیریز بنگلہ دیش نے اپنے نام کر لی

muhammad ali محمد علی جمعرات 24 جولائی 2025 20:45

پاکستان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب
ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جولائی2025ء)پاکستان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب، 179 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 104 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی، پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا 3 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے، آخری میچ میں فتح کے باوجود ٹی ٹوئنٹی سیریز بنگلہ دیش نے اپنے نام کر لی۔ سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو جیت کیلئے 179 رنز کا ہدف دیا۔

میرپور کے شیر بنگلا کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالی ٹی 20 سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان لٹن داس نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، صاحبزادہ فرحان 63 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

مہمان ٹیم کی جانب سے صائم ایوب نے 21، محمد حارث نے 5، حسن نواز نے 33، حسین طلعت نے ایک ، محمد نواز نے 27 اور فہیم اشرف نے 4 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان سلمان علی آغا 12 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں 2 تبدیلیاں کی گئیں، فخر زمان کی جگہ اوپنر بلے باز صاحب زادہ فرحان کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا جبکہ خوش دل شاہ کو آرام دے کر حسین طلعت کو حتمی الیون میں شامل کیا گیا۔