سعودی کابینہ کا اجلاس، شام میں تعمیر نو کے لئے کوششوں کی حمایت کا اعادہ

بدھ 23 جولائی 2025 11:00

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیر صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کابینہ نے شام کی سلامتی ، استحکام، اتحاد اور خود مختاری کو یقینی بناتے ہوئے شام کی تعمیر نو کے لئے مشترکہ کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اردو نیوز کے مطابق اجلاس میں مقامی اور بین الاقومی حالات زیر بحث آئے۔

اجلاس کے حوالے سے وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے بتایا کہ کابینہ نے شام کی تعمیرِ نو، سلامتی و استحکام اورخود مختاری کو یقینی بنانے کے لئے شامی حکومت کی حمایت کے حوالے سے سعودی عرب اور متعدد برادر ممالک کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ بیان کے مندرجات کی اہمیت پرزور دیا۔ اجلاس کے اراکین نے مملکت کی جانب سے شامی بھائیوں کی مشکلات کم کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا اور عرب و اسلامی ممالک کی جانب سے کی جانے والی امدادی کوششوں کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

کابینہ نے مختلف ممالک کی جانب سے غزہ میں فوری جنگ بندی اورامدادی کاموں کو یقینی بنانے کے بارے میں جاری بیان کو سراہتے ہوئے علاقائی استحکام و سلامتی کے لئے مملکت کے اس واضح موقف کو سراہا جس میں عالمی برادری پر زوردیا گیا تھا کہ وہ علاقائی سلامتی کے لئے کوششوں کو تیز کرے۔ اجلاس کے اراکین نے سعودی عرب کی جانب سے قابل تجدید توانائی اور گرین ہائیڈروجن براعظم یورپ کے لئے برآمد کرنے کے لئے مربوط نظام تیار کرنے کے لئے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر ہونے والے دستخط پرمبارک باد دیتے ہوئے اسے نمایاں کامیابی قرار دیا۔

اراکین نے قومی صنعتی ترقی اور لاجسٹکس پروگرام کی کارکردگی کو سراہا جس نے کئی مقاصد حاصل کئے، خصوصا نان آئل جی ڈی پی میں تعاون اور روزگار کے متنوع مواقع کی فراہمی کے علاوہ مملکت میں مختلف صنعتوں کی لوکلائزیشن کو وسعت دینا شامل تھا۔ اجلاس میں مختلف وزراتوں کے اعلی عہدیداروں کو دیگر ممالک کی وزراتوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرنے کے لئے اختیارات دیئے گئے۔