نیشنل سائبرایمرجنسی رسپانس ٹیم نے فراڈ فری لانسنگ سے بچائو کی ایڈوائزری جاری

بدھ 23 جولائی 2025 12:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)ملک میں سوشل میڈیا کے استعمال کے ذریعے شہریوں کو ہنی ٹریپ کر کے بھتہ خوری کے رجحان میں اضافہ ہو گیا ہے۔نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے فراڈ فری لانسنگ سے بچائو کی ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر بالخصوص پنجاب میں سوشل میڈیا کے ذریعے فراڈ فری لانسنگ کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ فیک جاب آفرز کے لیے شہری سے کہا جاتا ہے کہ وہ ان کی فری لانسنگ کمیونٹی میں شامل ہو جائیں، جب نوجوان واٹس ایپ گروپس میں شامل ہو جاتے ہیں تو انھیں فحش مواد دکھا کر بلیک میل کیا جاتا ہے۔ایڈوائزری کے مطابق جو شہری فحش مواد کے خلاف ری ایکٹ کر دیتے ہیں، تو پھر ان کو رپورٹ کرنے کی دھمکی دے کر ٹریپ کر لیا جاتا ہے، اور اس طرح گروپ میں شامل افراد کو قانونی کارروائی کی دھمکیاں دے کر ان سے 10-15 لاکھ روپے بٹورے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

سائبر ایجنسی نے کہاکہ شہریوں کی واٹس ایپ ڈی پی، یوزرنیم اور سوشل میڈیا سرگرمیوں کے ذریعے ہدف بنایا جا رہا ہے، صارفین کو بغیر اجازت واٹس ایپ گروپ میں شامل کر کے نشانہ بنایا جاتا ہے، اور ایسے واٹس ایپ یا ٹیلی گرام اکانٹ کے ذریعے صارفین کو ہدف بنایا جایا ہے جو تصدیق شدہ نہیں ہوتا۔ایڈوائزری میں سفارش کی گئی ہے کہ شہری واٹس ایپ سمیت سوشل پلیٹ فارمز پر پروفائل اور گروپس میں شامل کیے جانے کی سیٹنگ ایڈجسٹ کریں، اور واٹس ایپ اور ٹیلیگرام کے ذریعے آنے والی جاب آفرز سے محتاط رہیں، کسی بھی گروپ سے غیر اخلاقی مواد کو ڈان لوڈ یا فارورڈ کرنے سے اجتناب کریں، اور غیر اخلاقی مواد کو ہٹانے کے لیے تعاون کرنے کی کسی ریکوئسٹ کا جواب نہ دیں، نیز ڈیجیٹل لا پروفیشنلز اور سائبرکرائم لائرز سے رابطہ رکھنے کی کوشش کریں۔