ڈیرہ غازیخان سے بلوچستان جانے والی بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے ایس او پیز جاری

بدھ 23 جولائی 2025 15:27

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) ڈیرہ غا زیخان سے بلوچستان جانے والی بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے سکیورٹی اور نظم و ضبط کے حوالے سے باقاعدہ ایس او پیز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیر صدارت منعقدہ ہنگامی اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کو اعتماد میں لیتے ہوئے قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی گئی۔

ڈپٹی کمشنرنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور بلوچستان حکومتوں کی باہمی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسافروں اور ٹرانسپورٹ عملہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اب بلوچستان میں صرف دن کی روشنی میں ہی پبلک ٹرانسپورٹ کو داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ شام کے بعد کوئی بھی مسافر گاڑی بلوچستان میں داخل نہیں ہو سکے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت دی کہ غیر ملکیوں کا ڈیرہ غازی خان شہر میں داخلہ ممنوع ہے۔

سرحدی مقامات خصوصاً ترنمن اور بواٹاپر مسافروں کی شناخت کی باقاعدہ تصدیق کے بعد ہی سوار کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات کے تحت بلوچستان جانے والی ہر بس اور کوچ میں دو مسلح سکیورٹی گارڈز کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ روانہ کرنے سے قبل تمام بس اڈوں پر مسافروں اور ڈرائیوروں کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی جبکہ گاڑیوں کو سکیورٹی قافلوں کی صورت میں روانہ کیا جائے گا۔

تمام گاڑیوں میں سی سی ٹی وی کیمرے، جی پی ایس ٹریکنگ اور ایمرجنسی آلارم سسٹم نصب کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ایکشن لیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور سکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جا رہا ہے۔اجلاس میں پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمد اسد چانڈیہ،اسسٹنٹ کمشنرز تیمور عثمان، نذر حسین کورائی، سیکرٹری آر ٹی اے ثنا اللہ ریاض، پیٹرولنگ پولیس اور دیگر محکموں کے افسران، ٹرانسپورٹرز کے نمائندے بھی موجود تھے۔