آزاد جموں کشمیر کی تاریخ کے 77 سال بیت گئے، کشمیری مہاجرین کیمپ سونے کی چڑیا بنا دیئے گئے

بدھ 23 جولائی 2025 16:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء) آزاد جموں کشمیر کی تاریخ کے 77 سال بیت گئے، کشمیری مہاجرین کیمپ سونے کی چڑیا بنا دیئے گئے۔ گزشتہ 14 سالوں میں صرف بجلی کی مد میں 13 مہاجرین مقبوضہ کشمیر کیمپوں کے صرف بجلی بلات کی مد میں 11 ارب 30 کروڑ 69 لاکھ 34 ہزار روپے بقایا ہونے کا انکشاف۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست بھر کے 13 مہاجرین مقبوضہ کشمیر کے کیمپوں میں رہائش پذیر 4 ہزار سے زائد خاندانوں کے محکمہ برقیات کی جانب سے 11 ارب 30 کروڑ 69 لاکھ 34 ہزار روپے بقایا ہونے کے انکشاف نے ایک بار پھر گزشتہ اور موجودہ حکومت کی کارکردگی اور مظالم کو عیاں کر دیا ہے۔

گزشتہ روز مہاجرین کیمپوں میں رہائش پذیر افراد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 14 سال سے ہمیں اتنی رقم گزارا الاونس میں نہیں ملی جتنی ہم پر بجلی کی مد میں چڑھا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر یہ ساری رقم ہم دے بھی دیں تو پھر بھی ہمارے اوپر اتنی رقم بقایا بنتی ہے کہ ہماری آنے والی نسلیں بھی وہ ادا نہیں کر سکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس کسمپرسی میں ہم لوگ زندگی بسر کر رہے ہیں میڈیا از خود آ کر اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتا ہے۔

ہمارے کیمپوں میں اکثریت خاندانوں کے پاس استری تک موجود نہیں، دیگر الیکٹرانک کا سامان جس میں فریج، واشنگ مشین، ٹی وی و دیگر الیکٹرانک اشیاء صرف خواب لگتی ہیں۔ ہم نے اپنے خاندانوں کے خاندان تحریک آزادی کشمیر کی تحریک میں قربان کر رکھے ہیں۔ ایسے خاندان بھی موجود ہیں، جنہوں نے اپنی کروڑوں کی اراضیات چھوڑ کر ہجرت کی اور گزشتہ سال ہا سال سے کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔

ہمارے نام پر اربوں روپے وصول کرنے والی حکومتوں نے بھی ہمیں صرف ذاتی مقاصد کے لیے ہی استعمال کرنا شروع کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر اتنی بڑی رقم جو ہمارے اوپر بجلی کی قیمت میں بقایا رکھی ہوئی ہے، اس کا فل فور فیصلہ کرے یا پھر ہمیں اپنے گھروں میں واپس مقبوضہ کشمیر روانہ کر دیا جائے۔