نئی آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی تنزلی

کپتان سلمان آغا، صائم ایوب، محمد حارث کی رینکنگ گر گئی، اوپننگ بلے باز فخر زمان اور اسپنر ابرار احمد کی ترقی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 23 جولائی 2025 15:37

نئی آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی تنزلی
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 جولائی 2025ء ) میرپور میں بنگلہ دیش کے خلاف جاری تین میچوں کی T20I سیریز میں ،جہاں قومی ٹیم پہلے دو مقابلوں میں ہار چکی ہے، شرمناک کارکردگی کے بعد پاکستانی کرکٹرز کو تازہ ترین آئی سی سی T20I رینکنگ میں نمایاں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث 20 درجے تنزلی کے ساتھ اب 514 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 50 ویں نمبر پر ہیں۔

آؤٹ آف فارم اوپنر صائم ایوب تین درجے گر کر 64 ویں نمبر پر ہیں جبکہ ٹاپ آرڈر بلے باز حسن نواز 22 درجے تنزلی کے ساتھ 68 ویں نمبر پر ہیں۔
سٹار بلے باز بابر اعظم اور محمد رضوان جیسے کھلاڑی بھی موجودہ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں، دونوں ایک مقام گر کر بالترتیب 13ویں اور 14ویں نمبر پر ہیں۔
بنگلہ دیش کے خلاف مسلسل میچوں میں اپنی بیٹنگ میں نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے والے فخر زمان 426 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 8 درجے ترقی کر کے 79 ویں نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

وائٹ بال کے کپتان سلمان علی آغا جنہوں نے دوسرے ٹی ٹونٹی میں 23 گیندوں پر صرف 9 رنز بنائے ،وہ 396 پوائنٹس کے ساتھ 18 درجے گر کر 93 ویں نمبر پر آگئے۔
آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ T20I بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست ہیں جس کے بعد ہندوستان کے ابھیشیک شرما اور تلک ورما بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
باؤلنگ رینکنگ میں فاسٹ بولر عباس آفریدی 608 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دو درجے تنزلی کے ساتھ 22 ویں جبکہ حارث رؤف 593 پوائنٹس کے ساتھ 4 درجے تنزلی کے ساتھ 24 ویں نمبر پر ہیں۔

بائیں ہاتھ کے تیز رفتار شاہین آفریدی فی الحال T20I اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں، وہ بھی 591 پوائنٹس کے ساتھ دو درجے گر کر 36 ویں نمبر پر ہیں۔ سپنر ابرار احمد 12 درجے بہتری کے ساتھ 499 پوائنٹس کے ساتھ 49 ویں نمبر پر ہیں۔
نائب کپتان شاداب خان تازہ ترین اپ ڈیٹ میں چار درجے گر کر 65 ویں نمبر پر ہیں۔
نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی نے T20I باؤلنگ رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی جس کے بعد انگلینڈ کے عادل رشید اور ہندوستان کے ورون چکرا ورتھی بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔