بزم علم و فن ہزارہ پاکستان کے زیراہتمام نامور شاعر بریگیڈیئر نور سلطان لالی کے اعزاز میں مشاعرہ

بدھ 23 جولائی 2025 17:07

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) بزم علم و فن ہزارہ پاکستان کے زیراہتمام ماڈرن ایج پبلک سکول اینڈ کالج بوائز کیمپس میں نامور شاعر بریگیڈیئر نور سلطان لالی کے اعزاز میں محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ادبی محفل میں ہزارہ کے معروف شعرانے شرکت کی اور سامعین سےداد وصول کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض معروف شاعر اور ادیب عامر سہیل نے انجام دیئے جنہوں نے پراثر انداز میں شعری ماحول کو رواں رکھا جبکہ تقریب کے مہمانِ خاص بریگیڈیئر (ر) نور سلطان لالی تھے۔

اس موقع پر جن شعرانے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا، ان میں احمد ریاض، سہیل احمد صمیم، سید ماجد شاہ، پروفیسر قمر الزمان، غنی خان، ضیاءشاہد، امتیازالحق امتیاز، محمد ثقلین اور سعید شامل تھے۔

(جاری ہے)

تمام شعرانے اپنی تخلیقات کے ذریعے نہ صرف ادبی ذوق کی تسکین کی بلکہ موجودہ دور کے سماجی و فکری مسائل پر بھی گہرے انداز میں روشنی ڈالی۔ معروف وکیل خرم ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں مہمان خاص بریگیڈیئر (ر) نور سلطان لالی اور واحد سراج کی علمی و ادبی خدمات کو سراہا۔

مشاعرہ کے اختتام پر میزبان محفل واحد سراج نے تمام مہمانوں ، شعرااور شرکاکا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقاریب نوجوان نسل میں ادب اور تہذیب کے فروغ کیلئے اہم ہیں۔ حاضرین محفل نے بزم علم و فن ہزارہ کی کاوشوں کو سراہا اور مزید ایسی تقریبات کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔